news
English

آسٹریلوی بالرزکے سامنےبھارتی بلے بازوں کے قدم اکھڑ گئے

ٹیسٹ فائنل میں بھارت کی 151 رنز کے دوران آدھی ٹیم میدان بدرہوگئی، 318 کا خسارہ۔

آسٹریلوی بالرزکے سامنےبھارتی بلے بازوں کے قدم اکھڑ گئے

ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلوی بالرز کی دھواں دھار بالنگ نے بھارتی ٹاپ آرڈر کے قدم اکھاڑدیے، دوسرے دن کے اختتام تک 151 رنز کے دوران آدھی ٹیم پویلین واپس پہنچ گئی۔

اوول میں جاری ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں بھارتی ٹاپ آرڈر آسٹریلوی اٹیک کا سامنا نہیں کرسکا، 71 رنز تک اس کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے، کپتان روہت شرما 15 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے، شبمان گل کو بولینڈ نے 13 کے اسکور پر میدان بدر کیا، چتیشور پجارا 14 رنز بناسکے، انھیں کیمرون گرین نے بولڈ کیا۔

ویراٹ کوہلی بھی 14 ہی رنز کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں اسٹارک نے اسمتھ کی مدد سے قابو کیا، اس موقع پر اجنکیا راہنے اور جڈیجا نے ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی تاہم ناتھن لائن نے 48 کے انفرادی اسکور پر جڈیجا کو واپسی کا پروانہ تھمادیا، ان کا کیچ اسمتھ نے تھاما۔

جب دوسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بھارت151 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکا تھا، راہنے 29 اور سریکار بھارت 5 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی پہلی اننگز 469 رنز پر تمام ہوئی، اوورنائٹ جوڑی اسمتھ اور ٹریویس ہیڈ کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے 285 رنز کی شراکت ہوئی، ٹریویس ہیڈ 163 اور اسمتھ 121 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، الیکس کیری نے بھی 48 رنز کا حصہ ڈالا۔ سراج نے 4 جبکہ شمی اور شردل نے 2، 2 وکٹیں لیں۔