news
English

ایشین گیمز: بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم چیمپئن بن گئی، گولڈ میڈل پر قبضہ

ایشین گیمز میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلی بار شرکت کی اور پہلی ہی کوشش میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

ایشین گیمز: بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم چیمپئن بن گئی، گولڈ میڈل پر قبضہ

ایشین گیمز میں پہلی مرتبہ بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے حصہ لیا اور پہلی ہی کوشش میں طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔
فائنل میچ میں بھارتی ٹیم نے سری لنکا کی ویمن کرکٹ ٹیم کو 19 رنز سے شکست دے دی۔ 
ایشین گیمز 2023 میں ویمن کرکٹ کا فائنل میچ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ اس دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے 19 رنز سے جیت حاصل کرکے طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ایشین گیمز میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پہلی بار شرکت کی اور پہلی ہی کوشش میں اس نے ملک کے لیے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے 117 رنز کا ہدف رکھا تھا، لیکن سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 97 رنز ہی بناسکی۔ 
فائنل مقابلے میں ہندوستانی ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کم اسکورنگ والے اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کو بہترین آغاز ملا کیونکہ بھارتیبیٹر اسمرتی مندھانا نے45 گیندوں پر 46 رنزبنائے اور پہلی وکٹ جلدی گرنے کے بعد بلے بازی کے لیے آنے والی جیمیما روڈرگزنے40 گیندوں پر 42 رنزبناکر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، تاہم دونوں ہی نصف سنچری نہیں بنا پائیں۔ پندرہویں اوور میں مندھانا کی شکل میں دوسری وکٹ گری، اس کے بعد وکٹ گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تو رنز کی رفتار بھی دھیمی پڑگئی۔ اسمرتی اور جیمیما کے علاوہ کوئی بھی ہندوستانی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائی۔ رچا گھوش اور شفالی ورما نے 9-9 رنز بنائے۔ 
بھارتی ٹیم نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے۔ 
سری لنکا کی بولرز نے آخری اوورز میں ہندوستانی بلے بازوں کو زیادہ رنز بنانے کا موقع نہیں دیا۔ اودیشکا پربودھنی نے 3 اووروں میں 16 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں اور انوکا راناویرا نے 4 اووروں میں 21 رنز دے کر 2 وکٹیں لییں۔ 2 وکٹیں سوگندیکا کماری کو بھی ملیں، لیکن انھوں نے 4 اووروں میں 30 رنز دیے۔ 
سری لنکا کی ٹیم کو 117 رنز کا ہدف ملا جو بہت بڑا نہیں تھا، لیکن اس پورے ٹورنامنٹ میں کم اسکورنگ کو دیکھتے ہوئے یہ اسکور بہت آسان بھی نہیں تھا۔ لیکن کپتان چماری اٹاپٹو نے دیپتی شرما کے پہلے ہی اوور میں 12 رن بنا کر ہندوستانی ٹیم پر زبردست دباؤ شروع میں ہی بنا دیا۔ حالانکہ ٹیٹس سدھو نے اپنے پہلے ہی اوور میں انوشکا سنجیونی کو صرف 1 رن پر اور وشمی گنارتنے کو صفر پر پویلین بھیج کر سری لنکا کو بیک فٹ پر بھیج دیا۔ اپنے دوسرے ہی اوور میں خطرناک نظر آنے والی چماری اٹاپٹو کو بھی انھوں نے 12 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔  
یہاں سے سری لنکا کی بلے بازی کو ہسینی پریرا اور نیلاکشی ڈی سلوا نے سنبھالا، لیکن ہسینی پریرا 22 گیندوں پر 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ٹیم پوری طرح لڑکھڑا گئی اور 20 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 97 رنز ہی بنا سکی۔ وکٹ لگاتار گرنے سے رنز کی رفتار بھی گھٹتی گئی اور نیلاکشی34 گیندوں پر 23 رنز کے بعد صرف اوشادی راناسنگھے ہی ایسی بلے باز رہیں جو اچھی بلے بازی کرسکیں۔ انھوں نے 26 گیندوں پر 19 رنز کا تعاون دیا۔ باقی بلے باز دوسرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکیں۔ 
بھارت کی طرف سے ٹیٹس سدھو نے 4 اوورز میں محض 6 رنز دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 2 وکٹیں راجیشوری گائیکواڈ کو ملیں جنھوں نے 3 اوور میں 20 رنز دیئے۔ 1-1 وکٹ دیپتی شرما، پوجا وسترکر اور دیویکا ویدیہ کو ملی۔