news

سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق چیف سلیکٹر مقرر

نئی سلیکشن کمیٹی افغانستان سےہونے والی سیریز، ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے لیے اسکواڈز کا انتخاب کرے گی۔

سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق چیف سلیکٹر مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا۔ انضمام الحق کو کرکٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی میں بھی شامل کیا گیا ہے۔
وہ پہلے بھی پی سی بی کے لیے بطور چیف سلیکٹر کام کر چکے ہیں۔ نئی سلیکشن کمیٹی افغانستان سے سیریز، ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے لیے اسکواڈز کا انتخاب کرے گی۔
انضمام گزشتہ ہفتے پی سی بی کی جانب سے تشکیل دی گئی ہائی پروفائل کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی (سی ٹی سی) کا بھی حصہ ہیں۔ کمیٹی کی قیادت سابق کپتان مصباح الحق کررہے ہیں اور اس میں محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
انضمام الحق نے آخری مرتبہ اپریل 2016 سے جولائی 2019 تک پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں، جس میں چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح بھی شامل تھی۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 1992 کی فاتح ٹیم کے رکن، انضمام الحق نے 2001 سے 2007 تک مختلف ادوار میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کی۔ انہوں نے 378 میچوں میں 39.52 کی اوسط سے 11,739 ون ڈے رنز بنائے جو کسی بھی بلے باز کے لیے سب سے زیادہ ہیں اور اس میں 83 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
انہوں نے 120 میچوں میں 49.60 کی اوسط سے 8,830 ٹیسٹ رنز بنائے اور 25 سنچریاں اور 46 نصف سنچریاں بنائیں۔