news
English

انضمام الحق کا پی ایس ایل میچز میں باؤنڈریز بڑی کرنے کا مطالبہ

 لاہور: پشاور زلمی کے مینٹور انضمام الحق نے پی ایس ایل میچز میں باؤنڈری بڑی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

انضمام الحق کا پی ایس ایل میچز میں باؤنڈریز بڑی کرنے کا مطالبہ

قذافی اسٹیڈیم گراونڈ میں ٹیم کی پریکٹس کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ فاسٹ آوٹ فیلڈ اچھی چیز ہے اس سے رنز تیزی سے بنتے ہیں البتہ چھوٹی باؤنڈری ہوگی تو انٹرنیشنل کرکٹ میں بیٹرز کو مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے جس کا نقصان پاکستان کی قومی ٹیم کو ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بڑی باؤنڈریز میں بیٹنگ کریں گے تو اُس کا کھلاڑیوں اور قومی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ انضمام الحق نے کہا کہ پشاور زلمی فارم میں ہے اور چاروں ٹیمیں محنت کرکے پلے آف میں پہنچی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ پشاور زلمی فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔

پشاور زلمی کے مینٹور نے کہا کہ صائم ایوب باصلاحیت ہیں اور افغانستان کے خلاف بھی پرفارم کریں گے۔افغانستان کو ٹی ٹونٹی سیریز میں ہرگز آسان حریف کے طور پر نہ لیا جائے۔افغانستان کے چھ، سات کھلاڑی پوری دنیا کی لیگ کھیلتے ہیں.

سابق،کپتان کا موقف تھا کہ افغانستان کو زیر کرنے کے لئے بہت اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی، یہ سیریز آسان نہیں، نوجوانوں کھلاڑیوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ جس طرح انہوں نے پی ایس ایل میں پرفارم کیا ہے۔ اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی خود کو منوانے میں کامیاب ہوں۔