ویرات کوہلی نے اہم میچ میں 63 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹاپ فور میں پہنچنے کے امکانات کو مزید روشن کردیا
انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں رائل چیلنجرز بنگلور کی فتح اور ویرات کوہلی کی سینچری کے بعد سوشل میڈیا پر میمز کی بھرمار ہوگئی،ویرات کوہلی کے مداحوں نے لکھنؤ سپر جائنٹس کے بولر نوین الحق کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
گزشتہ روز آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے میں رسائی کے لیے اہم میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کو لازمی فتح درکار تھی، ویرات کوہلی نے اس میں 63 گیندوں پر 100 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کے ٹاپ فور میں پہنچنے کے امکانات کو مزید روشن کردیا، سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف کوہلی کی ٹیم نے یہ میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔
میچ میں جیت کے ساتھ ہی کوہلی ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگے جبکہ ویرات کوہلی کے مداحوں نے افغان کھلاڑی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب ٹرول کیا، گزشتہ دنوں نوین اور کوہلی کے درمیان تنازع ہوا تھا جس کے بعد گوتم گمبھیر بھی جھگڑے میں شامل ہوگئے تھے اور یوں تکرار بڑھتی گئی۔
اس دوران نوین الحق نے کوہلی کے ساتھ سوشل میڈیا پر چھیڑ چھاڑ جاری رکھی، انہوں نے کوہلی کو براہ راست کچھ نہ کہا لیکن بیٹر کے ایک رن پر آؤٹ ہوئے تو انہوں نے انسٹا اسٹوری لگاتے ہوئے لکھا کہ ’’میٹھے آم‘‘۔
ممبئی انڈینز کو کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز کے خلاف میچ کے آخر میں جب 18 بالز پر صرف 8 رنز درکار تھے تو نوین نے اسکرین شاٹ انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ راؤنڈ 2 ان کے ساتھ، یہ بہترین آم ہیں‘‘۔
جس پر کوہلی کے فینز نے فاسٹ بولر کی اس حرکت کو طنز قرار دیا تھا، تاہم گزشتہ روز کوہلی نے 63 گیندوں پر 100 رنز کی زبردست اننگز کھیلی تو مداحوں نے نوین الحق اور گوتم گمبھیر کو ٹرول کیا اور طرح طرح کی میمز شیئر کیں۔
دوسری جانب آئی پی ایل کے پلے آف مرحلے کے لئے گجرات ٹائٹنز کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم ہے جبکہ لکھنؤ سپر جائنٹس، چنئی سپر کنگز، رائل چیلنجرز بنگلور، ممبئی انڈین اور راجھستان رائلز کی ٹیمیں دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن کے لئے جنگ کررہی ہیں۔