news
English

آئی پی ایل 2024 سے غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کی لہر جاری

آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 سے بریک لینے والے تازہ ترین بین الاقوامی کھلاڑی ہیں۔

آئی پی ایل 2024 سے غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کی لہر جاری

بھارت میں جاری آئی پی ایل سے غیرملکی کھلاڑیوں کی ایک کے بعد ایک رخصتی کا سلسلہ جاری ہے، تازہ ترین پیشرفت میں آسٹریلوی کرکٹر گلین میکسویل نے آئی پی ایل سے غیر معینہ مدت کے لئے بریک لے لی ہے۔ آسٹریلوی کرکٹرکاکہناہےکہ آئی پی ایل سے اکتا گئے ہیں اسی لیے غیرمعینہ مدت کے لئے بریک لی ہے۔ 
آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے جون میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ذہنی اور جسمانی بھکن دور کرنے کی غرض سے وقفے کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 سے وقفہ لینے کی درخواست کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز پلیئر گلین میکسویل آئی پی ایل سے اکتا گئے، سن رائزر حیدر آباد کے خلاف میچ سے خود ڈراپ ہونے کا کہااورغیرمعینہ مدت کے لئے بریک لے لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق35 سالہ گلین میکسویل نے دماغی اور جسمانی تھکاوٹ کی وجہ سے آئی پی ایل سے غیر معینہ مدت کے لیے بریک لے لی ہے۔ گلین میکسویل نے کہا کہ سن رائزر حیدر آباد کے خلاف میچ کے لیے خود ڈراپ ہونے کا کہا ہے، میں اپنی کارکردگی سے رائل چیلنجر بنگلور کی ٹیم میں اپنا حصہ نہیں ڈال پارہا اور یہ ایک بہترین وقت ہے کہ میں دماغی اور جسمانی طور پر بریک لوں۔،، 
آسٹریلوی کرکٹر نے مزید کہا کہ میں 6 ماہ میں کچھ اچھا نہیں کرسکا جو کہ مایوس کن بات ہے، دماغی اور جسمانی طور پر مضبوط ہونے پر دوبارہ ٹیم کو دستیاب ہوں گا۔ آل راونڈر گلین میکسویل نے آئی پی ایل کے 6 میچز میں صرف 32 رنز بنائے ہیں جب کہ ان کی ٹیم رائل چیلنجر بنگلور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر ہے۔ دوسری طرف آسٹریلوی آل راونڈر مچل مارش کو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے کرکٹ آسٹریلیا نے وطن واپس بلا لیا ہے جب کہ آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا امریکا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2024ء سے قبل آرام کے لیے آئی پی ایل سے دستبردار ہوچکے ہیں۔ 
دریں اثنا، آئی پی ایل سے دیگر بین الاقوامی کھلاڑی بھی دستبردارہوتے دیکھے گئے ہیں۔ انگلینڈ کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ولی، ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں، لکھنؤ سپر جائنٹس نے ان کی جگہ فاسٹ بولر میٹ ہنری کو ڈرافٹ کیا ہے۔ دستبرداری کی فہرست میں انگلینڈ کے کرکٹر جیسن رائے بھی شامل ہیں، جنہوں نے آئی پی ایل 2024 میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کی تھی۔ جیسن رائے نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کے اپنے فیصلے کے لیے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا، جس کے نتیجے میں فل سالٹ کو ان کے متبادل کے طورپر کے کے آر کے لیے حاصل کیا گیا۔