نئی دہلی: آئی پی ایل کے ایک میچ میں انگلش بیٹر فل سالٹ کے ہاتھوں ’زبردست پٹائی‘ پر محمد سراج بھڑک اٹھے۔
آئی پی ایل فرنچائز رائل بنگلور چیلنجرز میں شامل بھارتی پیسر محمد سراج کا دہلی سے میچ میں صبرکا پیمانہ لبریز ہوگیا، وہ دوران میچ حریف بیٹر فل سالٹ سے الجھ پڑے، دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، یہ واقعہ گزشتہ دن منعقدہونےوالے میچ میں پاورپلے کے دوران پیش آیا۔
فل سالٹ نے تکرار سے قبل سراج کو 2 چھکے اور ایک چوکا لگاکر برہم کررکھا تھا، ایسے میں سراج نے شارٹ پچ گیند کرائی جسے امپائر نے نوبال قرار دیا، پیسر اس فیصلے پر ناخوش دکھائی دیے اور انھوں نے سالٹ کے قریب جاکر انھیں کچھ کہا۔
دہلی کیپٹیلز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے معاملہ رفع دفع کرانے کے لیے کردار ادا کیا لیکن سراج اس وقت کسی کی بات سننے کے موڈ میں نہیں تھے، انھوں نے سالٹ کو خاموش رہنے کے اشارے بھی کیے۔
دوسری جانب اس معاملے پر فل سالٹ نے بعدازاں چُپ توڑتے ہوئے کہا کہ ہمارے درمیان کچھ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، انگلش اوپنر نے کہا کہ میں اپنی پیش کردہ اننگز سے مطمئن ہوں، آئی پی ایل کے اس میچ میں فل سالٹ کو 45 بالز پر 87 کی فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔