news
English

   آئی پی ایل: شائقین کوپانڈیا کے خلاف پوسٹرزلے جانے سےروک دیاگیا

اسٹیڈیم میں بیٹھے مداح نے ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کردی۔

    آئی پی ایل: شائقین کوپانڈیا کے خلاف پوسٹرزلے جانے سےروک دیاگیا

بھارت میں جاری انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کی معروف فرنچائز ممبئی انڈینز کے شائقین کو اپنی ٹیم کے کپتان کیخلاف پوسٹرز اسٹیڈیم میں لے جانے سے روک دیا گیا۔ 
گزشتہ روز وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینز کی ٹیم نے راجھستان رائلز کے خلاف میچ کھیلا جس میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، اس میچ میں شائقین کرکٹ نے کپتان ہاردک پانڈیا پرجملے کسے اور دورانِ ٹاس ٹرولنگ کا نشانہ بنایا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ممبئی انڈینزکی انتظامیہ شائقین کرکٹ کو پوسٹرز اندر نہیں لے جانے دے رہی۔ یہ فینز آئی پی ایل اور کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز ہیں، جب آپ نے پوسٹرز لے جانے نہیں دینے تو ہم ٹکٹ کیوں خریدیں، شرم کرو!۔
 
انتظامیہ کی جانب سے منع کیے گئے پوسٹرز میں روہت شرما کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ رشتے میں ہم تمہارے کپتان باپ لگتے ہیں، شائق کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔  
قبل ازیں گجرات ٹائٹنز کیخلاف میچ میں بھی احمد آباد کے شائقین کرکٹ نے ہاردک پانڈیا کو شدید ٹرولنگ کا نشانہ بنایا تھا جبکہ ممبئی انڈینز کی کپتانی روہت شرما سے چھین کر فرنچائزز نے پانڈیا کے حوالے کی، جس پر شائقین اور روہت شرما کے فینز نالاں ہیں۔ 

واضح رہے کہ ممبئی انڈینز کی کپتانی ہاردک پانڈیا کو ملنے کے بعد فرنچائز کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست ہوئی ہے۔