آئی پی ایل کے دوسرے پلے آف میں لکھنؤ کو ممبئی کے ہاتھوں بدترین شکست
انڈین پریمئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم لکھنؤ سپر جائنٹ کے فاسٹ بولر نوین الحق کا وکٹ لینے کے بعد جشن منانے کا انداز سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کو قطعی پسند نہ آیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز آئی پی ایل کے دوسرے پلے آف میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کو ممبئی انڈینز کے ہاتھوں بدترین شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی وہ ٹورنامنٹ سے بھی باہر ہوگئی ہے۔
لکھنؤ سپر جائنٹس کے فاسٹ بولر نوین الحق نے ممبئی انڈین کے کھلاڑی کو آؤٹ کرکے اپنے کانوں میں انگلیاں ڈال کر جشن منایا جس سے تاثر لیا گیا کہ وہ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید کے ردعمل میں اس طرح کا جشن کا انداز اپنا رہے ہیں۔
اس دوران کمنٹری پر سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے نوین کے انداز پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا انہیں شائقین سے کوئی مسئلہ ہے؟ انہیں تو کان کھول کر جشن کا مزہ لینا چاہیے۔
سنیل گواسکر نے نوین الحق کو مشورہ دیا کہ جشن کے وقت کانوں کو بند کرنے کے بجائے انہیں اپنے کان کھول کر لوگوں کی حوصلہ افزائی اور شور کا مزہ لینا چاہیے، اپنے ہاتھ کانوں کے پیچھے لگا کر کہنا چاہیے ہیلو، اب میں آپ کو سن سکتا ہوں، جشن تو اس طرح ہونا چاہیے۔
قبل ازیں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجرز کو شکست ہوئی اور ایونٹ کے پلے آف مرحلے سے باہر ہوئی تو ایک بار پھر نوین الحق نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ لگاکر مذاق اڑایا تھا، ان کی پوسٹ میں ایک آدمی ہنستا دکھائی دے رہا ہے، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
واضح رہے کہ نوین الحق اور کوہلی کے درمیان آئی پی ایل کے رواں سیزن میں تلخ کلامی ہوئی تھی، جس میں ٹیم کے مینٹور گوتم گمبھیر بھی شامل ہوگئے تھے جس پر تینوں کرکٹرز کو جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔