news
English

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں آئرلینڈ کو شکست دے دی

گرین شرٹس نے آئرلینڈ کی اجنب سے دیاگیا مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 میں آئرلینڈ کو شکست دے دی

ڈبلن میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ 
تفصیلات کے مطابق ڈبلن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 194 رنز کا ہدف دیا تھا جبکہ پاکستان نے فخر زمان اور محمد رضوان کی زبردست بلے بازی کی بدولت مطلوبہ ہدف 16.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنرز توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے، گرین شرٹس کی صرف 13 رنز کے اسکور پر دو وکٹیں گرگئیں، صائم ایوب صرف 6 رنز بناسکے جبکہ بابر اعظم صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ 
یکے بعد دیگرے دو وکٹیں جلدی گرنے کے بعد محمد رضوان اور فخر زمان نے ٹیم کو سہارا دیا اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے جبکہ فخر زمان نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے اعظم خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 10 گیندوں پر چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔ 
پاکستان نے تیز بیٹنگ کرتے ہوئے 16.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ آئرلینڈ کی طرف سے مارک ایڈیر، گراہم ہیوم اور بین وائٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے تھے۔ 
آئرش ٹیم کی طرف سے لورکن ٹکر51 ، ہیری ٹیکٹر 32، گیرتھ ڈیلانی 28 اور کرٹس چیمپر 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے زبردست بولنگ کراتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی نے 2 جبکہ محمد عامر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 
میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ تقریباً 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ 
دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی کامیابی کے بعد تین میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ 
اس سے قبل جمعے روز کھیلے گئے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 
پاکستان کا اسکواڈ: 
بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی، محمد عامرپرمشتمل ہے۔ 
آئرلینڈکا اسکواڈ: 
پال اسٹرلنگ (کپتان)، مارک ایڈیر، اینڈریو بلبرنی، کرٹس کیمفر، گیرتھ ڈیلانی، جارج ڈوکریل، گراہم ہیوم، ہیری ٹییکٹر، لورکن ٹکر، بین وائٹ، کریگ ینگ پر مشتمل ہے۔