news
English

ورلڈکپ:عرفان پٹھان نے ایک بار پھر ’بابراعظم‘ کو نشانے پر رکھ لیا

سابق بھارتی کرکٹر تجربہ کار بھارتی کھلاڑی کوہلی سے بابراعظم کا موازنہ کرنے لگے۔

ورلڈکپ:عرفان پٹھان نے ایک بار پھر ’بابراعظم‘ کو نشانے پر رکھ لیا

پاکستان مخالف جذبات رکھنے والے سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے ایک بار پھر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو نشانے پر رکھ لیا۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈکپ کے اہم معرکے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں، جہاں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور بھارتی کپتان کی یہ حکمت عملی کامیاب رہی جب پاکستانی ٹیم پورے 50 اوور کھیلے بغیر 181 رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر میچ کے دوران سابق بھارتی آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ایک بار پھر بابراعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان موازنہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بلے بازی کی اوسط بھارت کیخلاف محض 28 رنز کی ہے جبکہ کوہلی اِن سے بہت آگے ہیں وہ گرین شرٹس کے خلاف 55 کی اوسط رکھتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ بابراعظم پر بھارت کے خلاف میچ میں پرفارم کرنے کا دباؤ ہوگا۔ 

قبل ازیں آئی سی سی براڈ کاسٹر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل ہونے والی تقریب ٹی وی پر نشر نہ کرنے کا اعلان کیا تھا، اس تقریب میں بالی ووڈ اسٹارز امیتابھ بچن، رجنی کانت، انوشکا شرما سمیت کئی اداکار شریک تھے جبکہ اریجیت سنگھ سمیت دیگر گلوکاروں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی س ی بی) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس) پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا گیا کہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرے سے قبل قومی ٹیم کی اسٹیڈیم روانگی کے موقع پر احمد آباد کی سڑکوں پر پاکستانی اسٹارز کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے فینز کا ہجوم امڈ آیا تھا۔