news
English

سوشل میڈیا ٹرولنگ سے تنگ عرفان پٹھان کا پاکستان پرایک اورطنز

بھارتی ٹیم کی شکست پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے عرفان پٹھان کو ماضی میں دیا گیا طعنہ یاد دلایا۔

سوشل میڈیا ٹرولنگ سے تنگ عرفان پٹھان کا پاکستان پرایک اورطنز

دو طرفہ ٹی20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بھارتی ٹیم کی شکست پر عرفان پٹھان نے ٹرولنگ سے تنگ آکر پاکستان پر ایک اور طنزیہ ٹوئٹ کر ڈالی۔ 
پانچویں ٹی20 میچ میں بھارت نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 165 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں ہی مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ 
اتوار کو کھیلے گئے پانچویں ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔ 
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2016 کے بعد پہلی مرتبہ بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ 
بھارتی ٹیم کی شکست پر عرفان پٹھان نے اپنی ٹویٹ میں ویسٹ انڈیز کو سیریز جیتنے پر مبارکباد دی اور لکھا کہ ’’بھارت کو اس شکست پر غور کرنا چاہئے کیونکہ نچلے رینک والی ٹیم سے ہارنا تشویشناک ہے‘‘۔ 
بھارت کی شرمناک شکست پر جہاں ایک طرف بھارتی شائقین افسردہ تھے وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے عرفان پٹھان کو ماضی میں ان کا پاکستان کو دیا گیا طعنہ ‘کیسا رہا سنڈے’ یاد دلا دیا اور میمز کا ایک طوفان اُمڈ آیا۔ 
عرفان پٹھان نے اس ٹرولنگ کے جواب میں ایک اور طنزیہ ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’’بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ‘‘ 
صارفین نے عرفان پٹھان کو یہ مشورہ بھی دیا کہ آپ ایک پٹیشن فائل کریں کہ بھارتی ٹیم کے میچز سنڈے کو نہ رکھے جائیں۔