news
English

اسرائیل کی حمایت کرنے پر جنوبی افریقہ کے بورڈ نے کپتان بدل ڈالا

انڈر19 ورلڈکپ کے دوران فلسطین کے حق میں مظاہروں کا بھی امکان، میڈیا رپورٹس

اسرائیل کی حمایت کرنے پر جنوبی افریقہ کے بورڈ نے کپتان بدل ڈالا

فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم اور جارحیت کی حمایت کرنے پر جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے انڈر19 ٹیم کے کپتان ڈیوڈ ٹیگر کو عہدے سے برطرف کردیا۔ 
کرکٹ جنوبی افریقہ نے باضابطہ طور پر ڈیوڈ ٹیگر کو انڈر19 ٹیم کپتانی سے برطرف کرنے کا اعلان کیا، جس میں ممکنہ احتجاج اور ٹورنامنٹ سے متعلق خطرات کے بارے میں خدشات کا حوالہ دیا گیا۔ 
بورڈ کا کہنا ہے کہ کپتان کو قیادت سے ہٹانے کا اقدام غزہ میں اسرائیل کے جارحانہ اقدامات سے متعلق مظاہروں کے پیش نظر کیا گیا، ڈیوڈ ٹیگر بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ 
جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے کپتان کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔  
ڈیوڈ ٹیگر کو اکتوبر میں جیویش اچیور ایوارڈز میں رائزنگ اسٹار نامزد کیا گیا تھا جس کے بعد کرکٹر نے اپنا یہ ایوارڈ اسرائیل میں یہودی فوجیوں کے لیے وقف کیا، اب انہوں نے اسرائیلی فوجیوں کی حمایت میں ٹوئٹ کی ہے جس کے بعد افریقی بورڈ نے ان کے خلاف ایکشن لیا۔ 
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 19 جنوری سے شروع ہونے والے انڈر19 ورلڈکپ کے دوران فلسطین کے حق میں مظاہروں کا بھی امکان ہے۔  
واضح رہے کہ جنوبی افریقی حکومت نے عالمی عدالت انصاف میں فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مقدمہ بھی دائر کر رکھا ہے جس پر ابتدائی سماعت کو ملکی وزیراعظم نے قابل فخر قرار دیا تھا۔ 
انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ رواں ماہ 19 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے، قومی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلئے گزشتہ شب روانہ ہوئی تھی۔ 
خیال رہے کہ 9 اکتوبر سے جاری اسرائیل فلسطین جنگ میں ابتک شہید فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، شہداء میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔