ایشان کشن اور شریاس ائیر کو بی سی سی آئی نے کئی بار ہوم ٹورنامنٹ کھیلنے کی ہدایت دی لیکن انہوں نے رانجی ٹرافی میں حصہ نہیں لیا جس کے نتیجے میں انہیں بی سی سی آئی کی طرف سے سزا کا سامنا کرنا پڑاہے۔
بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹ سے ایشان کشن اور شریاس ائیر کو باہرکردیاگیا جبکہ نوجوان کھلاڑی یشسوی جیسوال کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لگاتار بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے یشسوی جیسوال کو بی سی سی آئی نے اپنے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کرلیا ہے، انھیں گریڈ ’بی‘ میں جگہ دی گئی ہے یعنی ایک سال میں انہیں بورڈ کی جانب سے تین کروڑ روپے ملیں گے۔
بی سی سی آئی نے24-2023 کے لیے اپنے سالانہ کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جس میں ایک طرف یشسوی جیسوال کے لیے خوشخبری ہے تو دوسری طرف ایشان کشن اور شریاس ائیر کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے کیونکہ بی سی سی آئی نے ایشان کشن اور شریاس ایئر کو سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر کر دیا ہے۔ یشسوی جیسوال کو ان کی لگاتار بہترین کارکردگی کا انعام ملا ہے اور وہ پہلی بار بی سی سی آئی کے سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ بنے ہیں۔ انھیں گریڈ ’بی‘ میں شامل کیا گیا ہے جہاں انہیں سالانہ تین کروڑ روپے ملیں گے۔
بی سی سی آئی کی طرف سے بدھ کے روز اس سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا گیا۔ ایشان اور ائیر کو بی سی سی آئی نے کئی بار ہوم ٹورنامنٹ کھیلنے کی ہدایت دی، لیکن انھوں نے رانجی ٹرافی میں حصہ نہیں لیا جس کے نتیجے میں انہیں بی سی سی آئی کی طرف سے سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ظاہر ہے اب بی سی سی آئی ان دونوں کھلاڑیوں کو سالانہ طے شدہ رقم نہیں دے گی، بلکہ میچ کھیلنے کے لیے جو رقم طے ہوتی ہے وہ اسی کے حقدار ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو ہر سال بارہ مہینے کا کنٹریکٹ ملتا ہے۔ اس کے تحت بی سی سی آئی کی طرف سے سبھی کھلاڑیوں کو ان کے گریڈ کے مطابق ایک طے شدہ رقم ملتی ہے، چاہے وہ اس ایک سال میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں یا نہیں۔ بی سی سی آئی نے انھیں چار گریڈز میں تقسیم کیا ہے۔ اے پلس، اے، بی اور سی۔
اے پلس میں شامل کھلاڑیوں کو ایک سال میں سات کروڑ روپے ملتے ہیں، جبکہ اے گریڈ کے کھلاڑیوں کو سال میں پانچ کروڑ روپے تنخواہ ملتی ہے۔ علاوہ ازیں بی کیٹگری کے کھلاڑیوں کو تین کروڑ روپے اور سی گریڈ کے کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے دیے جاتے ہیں۔ بہرحال، آئیے دیکھتے ہیں بی سی سی آئی نے تازہ ترین کنٹریکٹ میں کن کھلاڑیوں کو کس گریڈ میں شامل کیا ہے۔
اے پلس گریڈ:
روہت شرما، ویرات کوہلی، جسپریت بھمراہ، رویندر جدیجا۔
اے گریڈ:
روی چندرن اشون، شبھمن گل، محمد سمیع، محمد سراج، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا۔
بی گریڈ:
سوریا کمار یادو، رشبھ پنت، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، یشسوی جیسوال۔
سی گریڈ:
رنکو سنگھ، تلک ورما، ریتوراج گائیکواڑ، شاردل ٹھاکر، شیوم دوبے، روی بشنوئی، جتیش شرما، واشنگٹن سندر، مکیش کمار، سنجوسیمسن، ارشدیپ سنگھ، کے ایس بھرت، پرسدھ کرشنا، اویس خان، رجت پاٹیدار۔
فاسٹ بولنگ کنٹریکٹ:
بی سی سی آئی نے فاسٹ بولرز کو تراشنے کے مقصد سے پانچ کھلاڑیوں کو اسپیشل کنٹریکٹ دیا ہے۔ بورڈ نے اپنی پریس ریلیز میں بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کی سفارش کی بنیاد پر ان پانچ گیندبازوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں کو کتنی رقم ملے گی، اس سلسلے میں بی سی سی آئی نے ابھی کچھ بھی انکشاف نہیں کیا ہے۔ فاسٹ بولنگ کنٹریکٹ میں شامل کیے گئے پانچ کھلاڑی ہیں عمران ملک، آکاش دیپ، وجے کمار ویشاک، ودوپ کویرپا اور یش دیال شامل ہیں۔