news
English

جنوبی افریقہ نے آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو ہراکر سیریز جیت لی

مورکو جانسن کی آل راؤنڈ کارکردگی نے جنوبی افریقہ کے لیے آسٹریلیا کو ہرا کر ون ڈے سیریز جیتنے میں مدد کی۔

جنوبی افریقہ نے آخری ون ڈے میں آسٹریلیا کو ہراکر سیریز جیت لی

جنوبی افریقہ کے آل رائونڈر مورکو جانسن نے 23 گیندوں پر 47 رنز بنائے جس کے باعث جنوبی افریقہ نے 315 رنز کا زبردست ہدف دینے کے لیے اپنی بلے بازی کے سست آغاز پر قابو پالیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا آخری ون ڈے میں بھی ناکام رہا اورجنوبی افریقہ نے سیریز 2-3 سے اپنے نام کرلی۔ 
جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو آخری ون ڈے میچ میں 112 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے جیت لی۔جنوبی افریقہ کی ٹیم ابتدائی طور پر 0-2 کے خسارے کا شکار تھی تاہم اس نے بعد میں مسلسل تین میچ جیت کر سیریز جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔  
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا۔ 
جنوبی افریقہ کے بلے باز ایڈن مارکرم نے 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملر نے 63، مورکو جانسن نے 47 اور اینڈائل پیخلوکوائیو نے 39 رنز بنائے۔ 
ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 34.1 اوورز میں 193 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی، آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مارنس لبوشین نے 44 رنز بنائے، تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ 
جنوبی افریقہ کی جانب سے مورکو جانسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، کیشو مہاراج نے 4 آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔
مورکو جانسن کو بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ ایڈن مارکرم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔