news
English

جیسن ہولڈرکو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز اسکواڈ سے خارج کردیا گیا

ویسٹ انڈیز نے جون سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کے لیے پانچ ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔

جیسن ہولڈرکو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ویسٹ انڈیز اسکواڈ سے خارج کردیا گیا

جیسن ہولڈر کو ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے ویسٹ انڈیز کے اسکواڈ سے خارج کر دیا گیا ہے، ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اوبید مککائے کو شامل کیا گیا ہے۔ 
ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز 32 سالہ جیسن ہولڈر2024 کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ بحالی کے دور سے گزر رہے ہیں اور ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ 
دوسری جانب اوبید مککائے، جو حالیہ ویسٹ انڈیز اے کے نیپال کے دورے کے دوران پانچ میچوں میں آٹھ وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کے طور پر ابھرے، ہولڈر کی جگہ لیں گے۔ 
ویسٹ انڈیز کے لیڈ سلیکٹر، ڈیسمنڈ ہینز، نے کہا کہ ہولڈر کی غیر موجودگی محسوس کی جائے گی، تاہم، مککائے کو بڑے اسٹیج پر موقع دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، میزبان ٹیم نے پانچ ریزرو کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے جن میں کائل میئرز، میتھیو فورڈ، فیبین ایلن، ہیڈن والش اور آندرے فلیچر شامل ہیں۔ 
ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہاکہ "ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس اتنی گہرائی اور معیار ہے۔ ہمارے ریزرو کھلاڑی تمام اے کلاس ٹیلنٹ ہیں جنہوں نے کھیل کے مختلف فارمیٹس میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے، خاص طور پر ٹی20 میں۔ ان میں سے ہر ایک مکمل طور پر ٹیم میں شامل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اگر ضرورت پڑے۔" 
ویسٹ انڈیز کا اسکواڈ: روومن پاول (کپتان)، الزاری جوزف (نائب کپتان)، جانسن چارلس، روسٹن چیس، شمرون ہیٹمائر، شائی ہوپ، عقیل حسین، شممار جوزف، برانڈن کنگ، اوبید مککائے، گڈاکیش موٹی، نکولس پورن، آندرے رسل، شرفین ردرفورڈ، روماریو شیفرڈ۔ 
ریزرو کھلاڑی: کائل میئرز، میتھیو فورڈ، فیبین ایلن، ہیڈن والش، آندرے فلیچر۔