news
English

جسپریت بمراہ ذاتی وجوہات کی بنا پربھارتی اسکواڈ کوچھوڑ کراچانک ممبئی روانہ

ایشیاءکپ میں نیپال کے خلاف میچ میں جسپریت بمراہ بھارتی ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، میڈیا رپورٹس

جسپریت بمراہ ذاتی وجوہات کی بنا پربھارتی اسکواڈ کوچھوڑ کراچانک ممبئی روانہ

بھارتی ٹیم کے اہم فاسٹ بولر جسپریت بمراہ سری لنکا میں بھارتی اسکواڈ کو چھوڑ کر ذاتی وجوہات کی بنا پر اچانک واپس اپنے ملک روانہ ہوگئے۔ 
غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایشیا
ءکپ میں نیپال کے خلاف میچ میں وہ ٹیم کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، جسپریت بمراہ کچھ ذاتی نوعیت کے کام کی وجہ سے ممبئی واپس چلے گئے ہیں، تاہم 29 سالہ کھلاڑی پوری طرح سے فٹ ہیں اور آئندہ میچز میں بھارتی ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی پیسر پہلے بیٹے کے والد بنے ہیں جس کی وجہ سے انہیں فوراً ممبئی جانا پڑا جہاں ان کی اہلیہ ہسپتال میں ہیں اور ان کے ہاں پہلا بیٹا پیدا ہوا ہے۔ بھارتی فاسٹ بولر اور سنجنا گنیسن کی شادی 2021ء میں ہوئی تھی۔
ان کی غیر موجودگی میں نیپال کے ساتھ ہونے والے میچ میں امکان ہے کہ محمد شامی پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے، جسپریت بمراہ فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد حال ہی میں بھارتی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ 
نیپال کے خلاف میچ بھارت کے لیے مرو یا مارو کی صورت اختیار کرگیا ہے، سپر فور میں جگہ بنانے کے لیے بلیو شرٹس کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں بھارت کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا تھا، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تمام 10 بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، تاہم بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔