news
English

قومی کھلاڑی جویریہ خان انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوگئیں

جویریہ خان نے 228 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمن ٹیم کی نمائندگی کی اور 4,903 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

قومی کھلاڑی جویریہ خان انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوگئیں

پاکستان کی قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی اہم کھلاڑی جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ ہونے کا اعلان کردیا۔ 
جویریہ خان نے 228 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان ویمن ٹیم کی نمائندگی کی اور 4,903 رنز بنائے جس میں دو سنچریاں اور 25 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق  قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان جویریہ خان نے 228 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 4 ہزار 903 رنز بنائے، باصلاحیت کھلاڑی نے بہترین بولنگ کے سبب 28 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ 
جویریہ خان 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز کی وننگ ٹیم کا حصہ بھی رہیں۔  
جویریہ خان کے 15 سالہ ون ڈے کریئر کا آغاز 6 مئی 2008 کو سری لنکا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ میں کرونیگالا سری لنکا میں ہوا تھا جبکہ ٹی20 انٹرنیشنل کا آغازانہوں نے 2009 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کیا۔ 
جویریہ خان اس وقت پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں اور بسمہ معروف کے علاوہ ہر فارمیٹ میں 2 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر ہیں۔ 
انہوں نے 50 اوورز کے 4 ورلڈکپ (2009، 2013، 2017 اور 2022) اور تمام 8 ٹی20 ورلڈکپ (2009، 2010، 2012، 2014، 2016، 2018، 2020 اور 2023 ) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 
جویریہ خان اس پاکستانی ویمنز ٹیم اسکواڈ کا بھی حصہ تھیں جنہوں نے چین اور جنوبی کوریا میں منعقدہ 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔  
جویریہ خان نے 17 ون ڈے اور 16 ٹی20 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتانی بھی کی۔انہوں نےخواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دو ایڈیشنز (2018 اور 2020) میں ٹیم کی کپتانی بھی کی۔ 
کراچی میں پیدا ہونے والی 35 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ سال اگست میں لاہور میں ہونے والے پی سی بی لیول 2 کرکٹ کوچ کورس میں بھی حصہ لیا تھا۔ 
اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جویریہ خان نے کہا کہ’ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور یہی وقت ہے کہ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردوں تاہم میں لیگ کرکٹ کے لیے دستیاب رہوں گی، میں اپنے پورے کیرئیر میں ملنے والی آپ سب کی حمایت پر شکر گزار ہوں۔،، 
انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان، ٹیم کی ساتھی کھلاڑیوں، پاکستان کرکٹ بورڈ اور اپنے تمام محسنین کا ہر قدم پر تعاون اور رہنمائی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔،، 
یاد رہے کہ جویریہ خان کو اس وقت پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہے جب کہ بسمہ معروف کے علاوہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں 2 ہزار سے زیادہ رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کرکٹر بھی ہیں۔