news
English

جویریہ خان کی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی خود ساختہ شکست پرتنقید

بھارت کے خلاف شروع سے ہی پاکستان کی بلے بازی کا مظاہرہ غیر متاثر کن رہا، سابق قومی ویمن کرکٹر

جویریہ خان کی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی خود ساختہ شکست پرتنقید

سابق پاکستانی کرکٹر جویریہ خان نے نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کو ہونے والے گرین شرٹس کےٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے تصادم میں ہندوستان کے خلاف پاکستان کی غیر متوقع شکست پر بڑھتی ہوئی تنقید میں اپنی آواز شامل کی ہے۔ 
اپنے ایکس (ٹوئیٹر) اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں، جویریہ خان نے کہا کہ "بھارت نے پاکستان کو نہیں ہرایابلکہ پاکستان نے خود ہی اپنے آپ کو شکست دی ہے۔،، 
یہ بیان پاکستان کی کارکردگی سے متعلق عمومی جذبات کی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ وہ 120 رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہے، بالآخر 113/7 پر میچ ختم ہوا اور پاکستان کو بری طرح سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ 
پاکستان کی بیٹنگ کا مظاہرہ شروع سے ہی غیرمتاثر کن رہا۔ کپتان بابر اعظم 10 گیندوں پر صرف 13 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سست اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔ ان کی اس سست رفتاری نے پاکستان کے جیتنے کے امکانات کو تقویت دینے کے بجائے شکست میں بدلنے کا کام کیا۔ 
جیسے جیسے کھیل آگے بڑھتا گیا، فتح حاصل کرنے کی ذمہ داری ٹیل اینڈرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر آ گئی۔ نسیم شاہ نے ایک مختصر لیکن بہادرانہ کوشش کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار گیندوں پر 10 رنز بنائے، جس میں دو شاندار چوکے بھی شامل تھے، انہوں نے اپنے طور پر کھیل کو پاکستان کے حق میں موڑنے کے لیے کوشش کی۔ تاہم، گیند کے ساتھ ان کی ابتدائی کامیابی کے باوجود وہ اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکے۔ بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی سمیت تین اہم وکٹیں لینے کے باوجود نسیم شاہ کی کوششیں کامیابی حاصل کرنے کے لیے کافی نہیں تھیں۔ 
اس شکست نے پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپ اے میں ایک نازک صورتحال میں ڈال دیا ہے۔ وہ اس وقت مسلسل شکستوں کے بعد چوتھے نمبر پر ہے، اسے پہلی شکست امریکہ کی نسبتاً ناتجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں حاصل ہوئی جبکہ دوسرے اور اہم ترین میچ میں بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کے سپر 8 میں آگے بڑھنے کے امکانات اب اس کے آنے والے میچوں اور گروپ میں موجود دیگر ٹیموں کی کارکردگی پر منحصر ہیں۔