جو بھی وزیراعظم بنے، اسے ملک اور کرکٹ کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہیے، سابق کپتان
قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں کرکٹ سے ساتھ ایسا نہیں ہوتا جیسا پاکستان میں ہوتا ہے،کرکٹ کے فروغ کیلئے مل جُل کر کام کرنا ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بھی وزیراعظم بنے، اسے ملک اور کرکٹ کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیے، پاکستان میں جس کی حکومت ہوتی ہے، وہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں اپنے پسندیدہ افراد لے کر آتا ہے۔
جاوید میاندار نے کہا کہ ’اگر مجھے پی سی بی کا اختیار مل جائے تو سب ٹھیک کردوں گا، میں نے ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی، ان کو بھی کرکٹر بنادیا جن کو کچھ پتہ ہی نہیں تھا‘۔
پی سی بی کو اپنی خدمات پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پیاسا کنویں کے پاس آتا ہے، کنواں پیاسے کے پاس نہیں جاتا‘۔
واضح رہے کہ جاوید میانداد نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے کہ جب نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔