news
English

جنید خان کی شاہین اورشاداب کے انگلش لیگ میں کھیلنے پرکڑی تنقید  

جنیدخان کاکہناہےکہ قومی ٹیم کےسینئرکھلاڑیوں کوزیادہ احتیاط سےہینڈل کرنا چاہیے،خاص طور پرشاہین آفریدی کوجوحال ہی میں انجری سےاٹھ کرآئےہیں۔

جنید خان کی شاہین اورشاداب کے انگلش لیگ میں کھیلنے پرکڑی تنقید  

پاکستانی بولر جنید خان کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور آل راؤنڈر شاداب خان کو انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے نہیں جانا چاہیے تھا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کو زیادہ احتیاط سے ہینڈل کرنا چاہیے کیونکہ یہ ورلڈکپ کا سال ہے اور اس وقت انہیں فٹنیس کے حوالے سے ٹاپ کنڈیشن میں ہونا چاہیے۔

جنید خان نے کہا کہ میری رائے میں یہ بہتر ہوتا اگر بورڈ شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کھیلنے کی اجازت نہ دیتا اور انہیں اپنی فٹنس پر کام کرنے اور کچھ وقت تک آرام کرنے کا مشورہ دیتا کیونکہ ورلڈ کپ خاصا قریب ہے اور آگے مزید سیریز بھی کھیلنی ہیں اس لیے اس سے کہا جاتا کہ ہمیں قومی ٹیم کے لیے اس کی ضرورت ہے۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ انگلش لیگ میں شاہین کی ضرورت نہیں ہے، وہ پاکستانی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، فاسٹ بالرشاہین آفریدی پی سی بی کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں کھیل رہے ہیں، وہ حال ہی میں انجری سے واپس آئے ہیں اور آپ نے دیکھا ہوگا کہ اس نے اب تک صرف دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں ہی میچوں میں جدوجہد کی ہے۔

شاداب خان کے حوالے سے جنید نے کہا کہ ان کو پہلے ہی فٹنس کے کچھ مسائل ہیں اور انہیں لیگ میں کھیلنے کی اجازت بھی دی گئی ہے، میری رائے میں پی سی بی کو ان چیزوں پر سوچنا چاہیے۔ تاہم جنید خان کا خیال ہے کہ انگلینڈ میں ہونے والی یہ لیگ کرکٹ، لیگ اسپنر اسامہ میر اور تیز گیند باز زمان خان جیسے نوجوانوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔