news
English

ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ: بھارت کی شکست پرسنیل گواسکرکی کوہلی پرشدید تنقید

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا تجزیہ کرتے ہوئے سنیل گواسکر، ویرات کوہلی کے ناقص شاٹ کھیل کر آؤٹ ہونے پر اشتعال میں آگئے اور اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ: بھارت کی شکست پرسنیل گواسکرکی کوہلی پرشدید تنقید

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ویرات کوہلی کے ناقص شاٹ پر بھڑک اٹھے۔

اتوار کے روز آسٹریلیا آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو 209 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ کا ورلڈ چیمپئن بن گیا تاہم کھیل کے آخری روز ویرات کوہلی نے 44 رنز سے اپنی بلے بازی کا آغاز کیا مگر وہ صرف 5 رنز ہی مزید بناسکے اور 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ویرات کوہلی کے انتہائی غیر ذمے دارانہ شاٹ کی وجہ سے سلپ میں کھڑے فیلڈر نے ان کا کیچ لیا، یہ دیکھ کر نہ صرف بھارتی شائقین بلکہ سابق بھارتی کرکٹرز اور تجزیہ کار بھی غصے میں نظر آئے۔

میچ کا تجزیہ کرتے ہوئے لائیو ٹی وی پروگرام میں سنیل گواسکر نے کوہلی کے اس طرح آؤٹ ہونے پر شدید غصے کا اظہار کیا، اس موقع پر وہ اپنے الفاظ پر قابو نہ رکھ سکے۔

میزبان نے سوال کیا کہ بھارت کے 2 گیندوں پر 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے، خاص طور پر جیسے ویرات کوہلی کی وکٹ گری تو انہوں نے وہ شاٹ کیسے کھیلا؟

جواب میں سنیل گواسکر نے کہا کہ ایک انتہائی خراب شاٹ تھا، یہ آف اسٹمپ کے باہر ایک بہت ہی عام شاٹ تھا، شاید اسے اپنی ففٹی بنانے کی زیادہ فکر تھی کیونکہ اس کے لیے کوہلی کو صرف ایک رن درکار تھا، یہ ہوتا ہے جب آپ کسی مائیل اسٹون کے نزدیک ہوتے ہیں'۔

سنیل گواسکر نے کہا 'آپ مجھ سے پوچھ رہی ہیں کہ اس نے یہ کیسے کیا، آپ کو یہ ویرات کوہلی سے پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے یہ شاٹ کیوں کھیلا؟ ہم کئی بار یہ بات کرچکے ہیں کہ جب ہمیں میچ جیتنا ہو تب ایک لمبی اننگز کی ضرورت ہوتی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوہلی بار بار اپنی بات چیت میں کہتا ہے کہ میچ کیسے جیتنا ہے، اس کے لیے لمبی اننگز کی ضرورت ہوتی ہے، پھر آپ خود یہ کیسے کرسکتے ہیں، جب گیند آف اسٹمپ کے باہر ہو تو آپ اسے کیسے کھیل سکتے ہیں؟

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ویرات کوہلی کے اس طرح انتہائی آسان کیچ دے کر آئوٹ ہونے پر اسٹینڈز میں بیٹھی ان کی اہلیہ اور بالی ووڈ اسٹار انوشکا شرما بھی ہکا بکا رہ گئی تھیں۔