news
English

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی

کراچی کنگز نے 152 رنز کا ہدف 18.1 اوورز میں حاصل کیا

کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی فوٹو: پی سی بی

راولپنڈی: پی ایس ایل فائیو کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹ سے شکست دے دی۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 15 ویں میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 151 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ٹام بینٹن اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا، محمد عامر نے پہلی ہی گیند پر ٹام بینٹن اور پھر تیسری گیند پر نوجوان بلے باز حیدر علی کو پویلین بھیج دیا۔

کامران اکمل تیسرے اوور میں 4 رنز بنانے کے بعد عامر یامین کا شکار بنے، شعیب ملک نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے لیام لیونگ اسٹون کے ساتھ اہم شراکت قائم کی تاہم لیونگ اسٹون 25 رنز بنانے کے بعد ان کا ساتھ چھوڑ گئے جس کے بعد شعیب نے لیوس گریگوری کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا۔

گریگوری بھی 25 رنزبنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، کارلوس بریتھ ویٹ صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، شعیب ملک نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامرنے 4،  کرس جورڈ نے 2، عامر عامین اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جوابی بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم نے 70، الیکس ہیلز نے 49 اور والٹن نے 22 رنز اسکور کیے۔ کراچی کنگز نے 152 رنز کا مطلوبہ ہدف 18ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی، محسن خان اور عامر خان اس ٹیم میں شامل نہیں تھے، ان کی جگہ شعیب ملک، کارلوس بریتھ ویٹ اور یاسر شاہ کو شامل کیا گیا  جب کہ کراچی کنگز نے عمید آصف کی جگہ عامر یامین کو ٹیم کا حصہ بنایا۔