لاہور: پاکستان سپرلیگ کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کی رواں سیزن میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی جس کے باعث کنگز پہلے ہی راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
کراچی کنگز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں مجموعی طور پر دس میچز کھیلے، جن میں سے صرف ایک میں ہی فتح حاصل ہوئی جبکہ 9 میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کے 29ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کے بعد کراچی کنگز نے پی ایس ایل میں 9 میچز میں شکست کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کیا۔
بابر الیون نے دو روز قبل لاہور قلندرز کو 22 رنز سے شکست دے 8 میچ ہارنے کے بعد پہلی فتح حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل میں سب سے زیادہ شکستوں کا ریکارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس تھا جسے گزشتہ برس 10 میں سے 8 میچز میں ناکامی کا سامنا رہا تھا۔