news

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کراچی کو ’’ڈبل ٹیسٹ ڈوز‘‘ ملنے کا امکان

لانگ مارچ اور احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر انگلینڈ کے خلاف پہلے اور تیسرے میچ کی میزبانی شہر قائد کوسونپنے پر غور ہونے لگا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کراچی کو ’’ڈبل ٹیسٹ ڈوز‘‘ ملنے کا امکان

انگلینڈ کی ٹیم 20سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آرہی ہے، شیڈول کے مطابق مہمان اسکواڈ کو 27 نومبر کی صبح اسلام آباد پہنچنا ہے، پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں ہوگا۔ دوسرا میچ 9 دسمبر سے ملتان اور تیسرا 17 دسمبر سے کراچی میں شروع ہونا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کا لانگ مارچ راولپنڈی اور اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے، نومبر کے آخری ہفتے کے دوران جڑواں شہروں میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہوں گی۔ اسی وقت انگلش ٹیم کی اسلام آباد آمد شیڈول ہے۔

گزشتہ ہفتے احتجاج کی وجہ سے سندھ اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ہوٹل سے پنڈی اسٹیڈیم نہیں پہنچ پائیں، قائد اعظم ٹرافی کا میچ پہلے ایک روز کے لیے موخر کیا گیا مگر پھر اسے منسوخ کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو 5،5 پوائنٹس دے دیے گئے، اس کے بعد پنڈی سے میچز دیگر شہروں کو منتقل کردیے گئے، موجودہ حالات میں انگلش اسکواڈ کی آمدورفت اور سیکیورٹی معاملات میں بھی رکاوٹ پیش آسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ممکنہ حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیریز کا پہلا میچ کراچی میں کرانے پر غور ہونے لگا، دوسرا ٹیسٹ ملتان میں کھیلنے کے بعد ٹیمیں تیسرے میچ کے لیے پھر کراچی واپس آئیں گی، اس معاملے میں پاکستان اور انگلش بورڈ کے حکام رابطے میں ہیں۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال شیڈول میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا،البتہ پلان بی ضرور زیر غور ہے، حتمی فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق حکومتی ہدایات کی روشنی میں کوئی فیصلہ 1،2 روز میں متوقع ہے،اس سلسلے میں حکام مسلسل رابطے میں ہیں، صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب انگلش ٹیم ریگ ڈیکسن کی سربراہی میں سیکیورٹی وفد کی کلیئرنس کو کافی سمجھے گی، گذشتہ دنوں عمران خان پر حملے سے پیدا ہونے والے حالات کے حوالے سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران سوال پر بین اسٹوکس نے کہا تھا کہ ریگ ڈیکسن سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بہترین شخص ہیں، ہم ان کی معلومات پر 100فیصد اعتماد کرسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم آخری بار ناصر حسین کی زیر قیادت 2000میں پاکستان آئی تھی، سیریز کا آخری ٹیسٹ دسمبر میں کراچی میں ہی کھیلا گیا جس میں مہمان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی،اب پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز ہی شہر قائد سے شروع ہونے کا امکان ہے۔