news

کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام

اس وقت تمام نظریں سرفراز اور سعود کی شراکت پر لگی ہوئی ہیں۔

کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز کھانے کے وقفے تک پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار نظر آرہی ہے اور 319 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں جبکہ   جیت کے لیے پاکستان کو 194 رنز درکار ہیں۔

آج پاکستان کی جانب سے جب میچ کے آخری روز بیٹنگ دوبارہ شروع کی گئی تو اس کے صفر پر دو کھلاڑی آؤٹ تھے، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی پچ پر بلے بازوں کے لیے دشواریوں میں گذشتہ روز سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا تھا۔

پاکستان کی جانب سے آج دن کے آغاز میں کریز پر اوپنر امام الحق اور شان مسعود موجود تھے اور دونوں کو پہلے اش سودھی اور پھر میٹ ہینری اور ساؤدی کی بولنگ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

امام الحق آج اش سودھی کے خلاف بے چین دکھائی دے رہے تھے اور بالآخر انھوں نے قدموں کا استعمال کرتے ہوئے سودھی کی اسپن کے خلاف اسٹروک کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند اسٹپمس سے جا ٹکرائی۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شان مسعود کے درمیان 42 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ اب پاکستان کی بیٹنگ سنبھل رہی ہے تاہم پھر آف اسپنر بریسویل کی گیند پر بابر اعظم بدقسمتی سے ڈاؤن دی لیگ سائیڈ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ بابر نے پانچ چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنائے۔

ان کے آؤٹ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد شان مسعود بھی بریسویل کی گیند پر ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور یوں صرف 80 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی نصف ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔

 پاکستان کو جیت کے لیے 194 رنز درکار ہیں اور پہلی اننگز میں ناقابلِ تسخیر سینچری اسکور کرنے والے سعود شکیل کریز پر موجود ہیں جبکہ ان کا ساتھ سرفراز احمد دے رہے ہیں۔ دونوں ہی اسپنرز کو پُراعتماد انداز میں کھیل رہے ہیں۔