news
English

فیصل آباد کو شکست، کراچی وائٹس نے قائداعظم ٹرافی جیت لی

صائم ایوب کو فائنل کے بہترین کھلاڑی جبکہ سرفراز احمد کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

فیصل آباد کو شکست، کراچی وائٹس نے قائداعظم ٹرافی جیت لی

کراچی وائٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصل آباد کو ہراکر قائداعظم ٹرافی اپنے نام کرلی۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی وائٹس نے فیصل آباد کو فائنل میں 456 رنز سے شکست دے کر قائد اعظم ٹرافی جیت لی۔ صائم ایوب کو مین آف دی فائنل جبکہ سرفراز احمد کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ 
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے فائنل کے آخری روز فیصل آباد نے دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی، کپتان فہیم اشرف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری مکمل کی۔ 
فہیم اشرف نے 23 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 147 رنز بنائے تاہم کراچی وائٹس کے 790 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی فیصل آباد کی ٹیم 333 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کراچی وائٹس کے غلام مدثر نے 62 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہنواز دھانی نے 119 رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں، میر حمزہ، نعمان علی اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ لی۔ 
فائنل کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے صائم ایوب پلیئر آف دی میچ قرار پائے جبکہ کپتان سرفراز احمد پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ 
سرفراز احمد نے ایونٹ میں مجموعی طور پر 697 رنز اسکور کرنے کے علاوہ وکٹ کے پیچے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اسٹمپ کیا اور 27 کیچز کیے۔ 
پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ 
واضح رہے کہ کراچی وائٹس نے آخری بار قائداعظم ٹرافی 2001-02 کے سیزن میں جیتی تھی، جب اس نے فائنل میں پشاور کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس سے پہلے انہوں نے 1990-91، 1991-92 اور 1992-93 میں ٹائٹل جیتنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔