news
English

پاکستان محفوظ ملک ہے، دیگر ممالک کو بھی پاکستان آنا چاہیے، سری لنکن کپتان

افسوس ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کیوں نہیں آیا، کپتان سری لنکن کرکٹ ٹیم

پاکستان محفوظ ملک ہے، دیگر ممالک کو بھی پاکستان آنا چاہیے، سری لنکن کپتان فوٹو: اے ایف پی

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے کا کہنا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، دیگر ممالک کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، دیگر ممالک کو بھی پاکستان آنا چاہیے، گزشتہ شب ساحلی ریسٹورنٹ پر گئے اور کھانے سے لطف اندوز ہوئے، افسوس ہے کہ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کیوں نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ رہتے ہیں، سیکورٹی کے بھی بہترین انتظامات ہیں، سوشل میڈیا اور میڈیا میں پاکستان کے حوالے سے منفی باتیں چل رہی تھی جس وجہ سے پاکستان نہیں آئے تھے۔

سری لنکن کپتان نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے قبل کریں گے جب کہ ٹاس سے قبل وکٹ کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے کہ فاسٹ بولر کھلائیں یا اسپنرز کو موقع دیں، کنڈیشنز سازگار ہیں اور تیز رفتاری سے رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

دیموتھ کرونارتنے نے کہا کہ ہم نے پچھلے 2 سال سے زیادہ کرکٹ نہیں کھیلی، اس وقت بھارت ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن پر اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے، ہمارے بیشتر کھلاڑیوں کا پہلا دورہ پاکستان ہے لہذا اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔