news
English

ہالینڈ: گستاخ رسول کی سرکی قیمت مقررکرنے پرکرکٹر خالد لطیف کو 12 سال قید  

خالد لطیف نے گستاخ رسول کو قتل کرنے پر 21 ہزار یورو انعام کا اعلان کیا تھا۔

 ہالینڈ: گستاخ رسول کی سرکی قیمت مقررکرنے پرکرکٹر خالد لطیف کو 12 سال قید  

ہالینڈ کی ایک عدالت نے پاکستانی کرکٹر خالد لطیف کو گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کروانے والے رکن پارلیمنٹ گیئرٹ ولڈرز کے قتل پر اکسانے اور دھمکیاں دینے پر 12 سال قید کی سزا سنادی۔ 
ہالینڈ کے متنازع رکن پارلیمنٹ ملعون گیئرٹ ولڈرز نے 2018 میں رسول اللہ ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کے ناپاک مقابلے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ 
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جس پر پاکستان کے سابق کرکٹر خالد لطیف نے مبینہ طور پر ایک ویڈیو پیغام میں گیئرٹ ولڈرز کے سر کی قیمت 21 ہزار یورو رکھی تھی۔ 
ہالینڈ میں اس ویڈیو پیغام پر کرکٹر خالد لطیف کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سخت سیکیورٹی حصار میں کئی سماعتیں ہوئیں اور آج انھیں 12 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ 
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس فیصلے پر ہالینڈ میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن فوری طور پر کوئی جواب نہ مل سکا۔ 
کرکٹر خالد لطیف کو ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔ خالد لطیف اس وقت پاکستان میں ہیں اور ہالینڈ کی عدالت میں کسی بھی موقع پر موجود نہیں تھے۔ 
عدالت کو بتایا گیا تھا کہ خالد لطیف کا مؤقف جاننے اور قانونی مشاورت کے لیے حکومت پاکستان سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
استغاثہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹر نے قتل پر اکسایا جس سے رکن پارلیمنٹ کی زندگی خطرے میں پڑگئی اور گیئرٹ ولڈرز کو 24 گھنٹے ریاستی حفاظت میں گزارنے پڑ رہے ہیں اس لیے سابق کرکٹر کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل نیدرلینڈ کی ایک عدالت 2019 میں منسوخ ہونے والے گستاخانہ خاکے کے مقابلے کے تناظر میں ملعون وولڈرز کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے پر ایک پاکستانی شخص کو 10 سال قید کی سزا سناچکی ہے۔ 
جنید نامی پاکستانی باشندے کو 2018 میں ہیگ کے ایک ٹرین اسٹیشن سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب اس نے فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس گستاخ ولڈرز کو جہنم بھیجننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اور دوسروں سے بھی اس سلسلے میں مدد کی اپیل کی تھی۔
خیال رہے کہ کرکٹر خالد لطیف نے پاکستان کے لیے 5 ایک روزہ اور 13 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں تاہم 2017 میں دبئی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک میچ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں ان پر 5 سال کے لیے کرکٹ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ 
خالد لطیف کا 5 سالہ پابندی کا خاتمہ گزشتہ برس ہوا تھا جس کے بعد سے وہ کراچی میں کلب کی سطح پر کوچنگ کر رہے ہیں۔