news
English

عثمان خواجہ نے ٹریننگ سیشن کے دوران فلسطینیوں کےحق میں آواز بلندکردی  

کرکٹر فلسطین کی حمایت میں لکھے ہوئے جملے والے جوتے پرتھ ٹیسٹ میچ میں بھی پہنیں گے، آستریلوی میڈیا کا دعویٰ

عثمان خواجہ نے ٹریننگ سیشن کے دوران فلسطینیوں کےحق میں آواز بلندکردی  

پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے قبل فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والے جوتے پہن کر ٹریننگ کی، جس میں فلسطینی عوام سے ہمدردی کے نعرے درج تھے۔ 
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ فلسطین کی حمایت میں لکھے ہوئے جملے والے یہی جوتے پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میچ میں بھی پہنیں گے۔ 
عثمان خواجہ کی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے جوتے پر لکھا ہوا تھا کہ ’’آزادی سب کا حق ہے اور تمام لوگوں کی زندگیاں برابر ہیں‘‘۔  
آئی سی سی کے قوائد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ عثمان خواجہ کو مبینہ سیاسی پیغام والے جوتے پہننے کی اجازت ملے گی یا نہیں تاہم ان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی حمایت پر سوشل میڈیا پر انہیں خوب سراہا جارہا ہے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کھلاڑیوں اور ٹیم کے عہدیداروں کو آرم بینڈ، کسی نعرے یا سیاسی ایجنڈے والے لباس کو پہننا یا کسی بھی سامان پر ایسی کسی بھی چیز کو ڈسپلے کرنے کی اجازت نہیں جس پر سیاسی، مذہبی یا نسلی پیغام درج ہو۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران محمد رضوان نے فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے اپنا ایوارڈ بچوں اور بزگوں کے نام کیا تھا جس پر بھارت اور اسرائیل نے ان کی ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا تاہم کرکٹر اپنے موقف پر ثابت قدم رہے۔ 
 
اسی طرح ورلڈکپ 2023 کے فائنل میچ کے دوران فلسطین کے حامی نوجوان نے میدان میں جاکر ویرات کوہلی کو گلے لگایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔