ایک ہی ٹیسٹ میچ کے بعد فاسٹ بولرخرم شہزاد کی پسلی میں فریکچر ہوگیا۔
پرتھ ٹیسٹ میچ کے ہیرو نوجوان فاسٹ بولر خرم شہزاد انجری کا شکار ہوکر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پرتھ ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کیلئے ڈیبیو کرنے والے خرم شہزاد کی پسلی میں فریکچر ہوگیا ہے جس کے باعث وہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
نوجوان فاسٹ بولر کو جسم کے بائیں حصے میں تکلیف ہوئی جس کے بعد ان کا ایم آر آئی اسکین کروایا گیا ہے،میڈیکل پینل کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ کو نوجوان فاسٹ بولر کی انجری سے آگاہ کیاگیا۔
ٹیم مینجمنٹ اسپیشلسٹ سے کنسلٹ کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کرے گی جبکہ خرم شہزاد کا این سی اے میں ری ہیب شروع کیا جائے گا۔
پرتھ ٹیسٹ میچ میں نوجوان فاسٹ بولر نے اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ڈیوڈ وارنر اور مارنش لبوشین کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔
قبل ازیں پرتھ ٹیسٹ میچ سے قبل ابرار احمد کو پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ میں دائیں گھٹنے میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی جس پر اسپنر کو میدان سے باہر جانا پڑا تھا، میڈیکل ٹیم نے اسپنر کا معائنہ کیا بعدازاں ان کا ایم آر آئی اسکین کرایا تھا اور انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔