میں بہت خوش ہوں کہ ایک نوجوان کھلاڑی ویرات کوہلی کی صورت میں سامنے آیا، سابق بھارتی بلےباز
بھارت کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے اپنی سب سے زیادہ سنچریوں کا تاریخی ریکارڈ توڑنے اور نیا سنگ میل عبور کرنے پر ویرات کوہلی کو انوکھے انداز سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
سچن ٹنڈولکر نے ویرات کوہلی کی بطور بلے باز تعریف کرتے ہوئے ایک واقعہ لکھا اور بتایا کہ ’جب پہلی بار ڈریسنگ روم میں تم (ویرات کوہلی) سے ملا تو تم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مذاق میں میرے پاؤں چھوئے تھے، جس پر میں اپنی ہنسی کو کنٹرول نہیں کرپارہا تھا‘۔
سچن نے لکھا کہ ’اس کے بعد تم نے اپنی صلاحیتوں اور جنون سے میرا دل جیت لیا، میں بہت خوش ہوں کہ ایک نوجوان کھلاڑی ویرات کوہلی کی صورت میں سامنے آیا۔،،
انہوں نے لکھا کہ ’میرے لیے اس سے زیادہ خوشی کی کوئی اور بات نہیں کہ میرا ریکارڈ ایک بھارتی کھلاڑی نے اہم اور بڑے مقابلے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں میرے ہی ہوم گراؤنڈ پر توڑ کر یہ بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔
واضح رہے کہ بھارت میں جاری ورلڈکپ 2023 کے پہلے سیمی فائنل میں ویرات کوہلی نے 50ویں سنچری بنا کر سچن ٹنڈولکر کا تاریخ ساز ریکارڈ توڑدیا ہے۔ اس موقع پر ویرات کوہلی نے لیجنڈری کرکٹر کو بھی اسٹیڈیم میں خراج تحسین پیش کیا۔
سیمی فائنل میں نیوزی لینڈکو شکست دے کر بھارت 12 سال بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔