پاکستانی بیٹر افتخار احمد نے میگا ایونٹ میں طویل ترین چھکا لگانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا
پاکستان ٹیم کے مڈل آڈر بیٹسمین افتخار احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے لوگوں کی تنقید کا جواب اپنی کارکردگی سے دینا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں افتخار احمد، محمد حارث اور محمد وسیم جونیئر نے جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس دوران افتخار احمد کا کہنا تھا کہ میرا ٹیم میں کام ہی یہ ہے کہ جب وکٹیں جلدی گر جائیں تو وکٹ پر رک کر لمبی اننگز کھیلوں کیونکہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی لازمی ہونے چاہئیں جو ایسے موقع پر لمبی اننگز کھیلیں اور پھر میچ کو فنش کریں۔
افتخار احمد نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستانی ٹیم سے زمبابوے کا میچ ہاتھ سے نکل گیا لیکن اس کے باوجود ٹیم ورلڈ کپ سے باہر نہیں ہوئی ابھی بھی گیم میں شامل ہے لیکن زیادہ کلیئرٹی نہیں ہے، امید ہے پاکستان سیمی فائنل کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی لمبی اننگز کھیلنی تھی شاداب کو بھی کریڈٹ دیتا ہوں کہ انہوں نے اچھا ساتھ دیا۔
یاد رہے کہ افتخار احمد نے اس اننگز میں طویل ترین چھکا مارنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا جس کی طوالت 106 میٹرز تھی اور یہ چھکا میچ کے سولہویں اوور میں لونگی نگیڈی کی گیند پر مارا گیا، اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں طویل ترین چھکا لگانے کا اعزاز جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کے پاس تھا جنہوں نے بھارت کے خلاف میچ میں 104 میٹر لمبا چھکا مارا تھا۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم میں فخر زمان کی جگہ شامل ہونے والے نوجوان بلے باز محمد حارث کا کہنا تھا کہ رضوان کی وکٹ جلدی گر گئی تو کوشش تھی کی کہ سنبھل کر کھیلوں۔
حارث کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ بہادری سے کھیلو، جنوبی افریقی بولرز کو ذہن پر سوار نہ کرو، تم باصلاحیت ہو، اپنا کھیل کھیلو۔
فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے اعلیٰ کم بیک کیا اور میچ میں اچھا آغاز فراہم کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نسیم شاہ نے بھی بھرپور بولنگ کی میرا پلان تھا کہ یارکر کروں کیونکہ ایک جانب سے گراؤنڈ چھوٹا تھا۔