news
English

کسی کو ڈنڈے مار کر سیدھا نہیں کرسکتا، شاہین آفریدی  

کوئی ٹیم صرف کپتان کی وجہ سے نہیں ہارتی،اپنے لڑکوں کے ساتھ سخت انداز نہیں اپناسکتا، شاہین شاہ آفریدی

کسی کو ڈنڈے مار کر سیدھا نہیں کرسکتا، شاہین آفریدی  

قومی ٹیم 20 ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ کسی کو ڈنڈے مار کر سیدھا نہیں کر سکتا۔ 
پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے فرنچائز اونر ثمین رانا کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ مجھے 2019میں فرنچائز ٹیم کی قیادت کی پیشکش ہوئی تب میں بہت چھوٹا تھا، اس وقت میں نے ہارنے کی وجہ ضروربتائی لیکن یہ بھی کہا تھا کہ کپتان تبدیل نہ کیجیے گا، اگر میں اس وقت کپتانی کا سوچتا تو ٹیم بکھرجاتی، اس وقت مجھے لگتا تھا کہ اچھا فیصلہ نہیں ہوگا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ 2022 میں جب لاہورقلندرزکا کپتان بنایا گیا تو مجھے تب بھی یقین نہیں آیا، شاہد آفریدی نے مجھے کپتانی سے اس لیے منع کیا تھا کہ انھیں میری بولنگ متاثر ہونے کا ڈرتھا، میرا کہنا تھا کہ بولنگ سے لیڈ کرنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ٹیم ہارے تو سب سوچتے ہیں کہ کپتان نے ہروایا لیکن ایسا نہیں ہوتا،11 پلیئرزکی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا الزام صرف ایک قیادت کرنے والے شخص پر آتا ہے۔ 
انھوں نے کہا کہ کپتانی میں ہر صورتحال میں سب کے ساتھ دوستانہ رویہ رکھنا چاہیے، میں کسی کو ڈنڈے مار کر سیدھا نہیں کرسکتا، ڈنڈا جسم کو نقصان پہنچاتا ہے زبان دل میں سوراخ کرسکتی ہے، اس کو درست جگہ پر استعمال کرنا چاہیے، کھیل کو کھیل سمجھیں، ڈنڈے کا زخم ٹھیک ہو جاتا ہے مگر زبان کا نہیں، مجھے کہا جاتا ہے کہ رویہ سخت رکھیں مگر اس سے کیا ہوگا، میرے سخت ہونے سے نئے کھلاڑیوں پر کیا اثر پڑے گا؟ زیادہ سمجھانے سے کچھ فائدہ نہیں ہوتا، کھلاڑی کو بیک کرنا اور اعتماد دینا چاہیے کیونکہ وہ اپنی مہارت اور محنت سے یہاں تک پہنچتا ہے، کرکٹ میں ہر روز کچھ نیا سیکھنے کو ملتا ہے۔