news
English

پی ایس ایل 6؛ کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی کنگز کی جانب سے جوئے کلارک نے 46 اور محمد نبی نے 30 رنز بنائے

پی ایس ایل 6؛ کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی فوٹو: پی سی بی

کراچی: پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف دیا جو کراچی کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 13.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹام بنٹن اور سرفراز احمد نے کیا تاہم دونوں اوپنرز اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور صرف 6 کے مجموعی اسکور پر ٹام بینٹن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کپتان سرفراز بھی 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد کرس گیل نے کراچی کے بولرز کے خلاف مزاحمت کی اور 39 رنز بنائے تاہم وہ بھی 68 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد محمد نواز صرف 3 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا تاہم اوپننگ پر آئے شرجیل صرف 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے جوئے کلارک نے 46 رنز بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔

کوئٹہ کی جانب سے اعظم خان 17 اور بین کٹنگ صرف 11 رنز ہی بناسکے، کراچی کنگز کی شاندار بولنگ کے باعث کوئٹہ کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 3 اور وقاص محمود نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد عامر، عامر یامین، عماد وسیم اور ڈینیل کرسچن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اوپنر کپتان بابر اعظم نے 24 رنز بنائے جب کہ کولن انگرام نے 17 اور محمد نبی نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث کراچی کنگز نے 122 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم، بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈین کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال شامل ہیں جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں سرفراز احمد کپتان، کرس گیل، ٹام بینٹن، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ،  محمد نواز، محمد حسنین، قیس احمد، نسیم شاہ، اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔