news
English

ڈبل سنچری میکر ویرات کوہلی نے کئی ریکارڈز پاش پاش کردیئے

بھارتی کپتان نے کیریئرکے7ہزار رنز بھی مکمل کرلیے،ساتویں ڈبل سنچری

ڈبل سنچری میکر ویرات کوہلی نے کئی ریکارڈز پاش پاش کردیئے فوٹو: اے ایف پی

ڈبل سنچری بنانے والے ویرات کوہلی نے کئی ریکارڈز پاش پاش کر دیے۔

ویرات کوہلی نے بطور کپتان نویں بار 150 سے زائد رنز بنا کرڈان بریڈ مین کو پیچھے چھوڑا، سابق آسٹریلوی اسٹار نے کیریئر میں 6996رنز بنائے تھے، بھارتی اسٹار7ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرکے ان سے آگے نکل آئے۔

کوہلی جنوبی افریقہ سے پونے ٹیسٹ کے دوسرے دن254 رنز پر ناقابل شکست رہے تھے، یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین انفرادی اسکور اور ساتویں ڈبل سنچری شمار ہوئی۔ ان سے آگے صرف ڈان بریڈمین (12)،کمار سنگاکارا (11) اور برائن لارا (9) ہی ہیں،یہ بطور بھارتی قائد بھی سب سے بڑی اننگز ہے، ان سے قبل مہندرا سنگھ دھونی نے 2013میں آسٹریلیا کیخلاف 224رنز بنائے تھے۔

ویرات کوہلی نے بحیثیت کپتان 19 ٹیسٹ سنچریاں بناکر سابق آسٹریلوی کپتان پونٹنگ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا،وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بطور کپتان مجموعی طور پر 40 سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔

رکی پونٹنگ 41 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں،گریم اسمتھ (33) تیسرے اور اسٹیون اسمتھ (20) چوتھے نمبر پر براجمان ہیں، مائیکل کلارک19 سنچریاں بطور کپتان بناکر اس منفرد فہرست کے پانچویں شریک ہیں۔

کوہلی نے ٹیسٹ میں 26ویں سنچری بناکر سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق کو پیچھے چھوڑدیا اورتیزی سے یہ سنگ میل عبور کرنے والے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔