بھارتی بورڈ سیریز کا خواہاں ہے لیکن حکومتی اجازت درکار ہے، چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کے ساتھ پاک بھارت سیریز پر بات چیت ہوئی ہے۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کہا کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری پاک بھارت دو طرفہ سیریز کی بحالی میں دلچسپی رکھتے ہیں اور رواں سال کے آخر میں بھارت میں انتخابات کے بعد اس سلسلے میں مثبت پیشرفت کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ دو طرفہ سیریز کیلئے تیار ہے تاہم انہیں حکومتی اجازت درکار ہے، بھارت میں انتخابات کے بعد ہم جے شاہ سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز آخری بار 2012-13 میں ہوئی تھی، جس کے بعد سے روایتی حریف محض آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتے ہیں۔