لاہور قلندرز کے کرس لین نے سنچری اور فخرزمان نے نصف سنچری اسکور کی
پی ایس ایل فائیو کے اہم ترین میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر پہلی بار سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے خوشدل شاہ کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 186 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف کرس لین کی سنچری اور فخرزمان کی نصف سنچری کی بدولت ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور کرس لین نے ٹیم کو 100 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، فخرزمان نے 25 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ اپنی اننگز کا زیادہ آگے نہ بڑھاسکے اور 35 گیندوں پر 57 رنز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔
فخر کی وکٹ کے بعد کرس لین نے نہ صرف 22 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ کپتان سہیل اختر کے ساتھ ملکر لاہور قلندرز کو جیت کی جانب گامزن رکھا اور پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری 52 گیندوں پر مکمل کی، وہ اب تک ایونٹ میں لاہور قلندرز کی جانب سے سنچری کرنے والے پہلے بلے باز ہیں۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ معین علی اور ذیشان اشرف نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں معین علی کو پویلین واپس بھیج دیا اور اگلے ہی اوور میں ذیشان بھی محمد حفیظ کا شکار بنے، دونوں بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان شان مسعود اور روی بوپارا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، شان مسعود 42 اور روی بوپارا 33 رنز بنانے کے بعد ڈیوڈ ویسا کا شکار بنے۔ ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اسد شفیق صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔
میچ کے اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ اور روہیل نذیر نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے لیے مشکلات کھڑی کردیں اور اپنی ٹیم کو ایک اچھا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے۔ روہیل نذیر 17 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ نے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وہ 29 گیندوں پر 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے ٰڈیوڈ ویسا اور شاہین آفریدی نے 2،2 جب کہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں نے وطن واپسی کا فیصلہ نہیں کیا اور آج ملتان سلطانز کے خلاف تمام غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔
واضح رہے یہ میچ لاہور قلندرز کے لیے کوارٹر فائنل کی حیثیت رکھتا ہے کیوں کہ جیت کی صورت میں وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے البتہ شکست کی صورت میں انہیں آج ہی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شیڈول کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان مقابلے کا انتظار کرنا ہوگا جہاں کوئٹہ کی شکست ہی انہیں اگلے مرحلے میں پہنچاسکتی ہے۔