news
English

پی ایس ایل کے پاکستان میں شیڈول تمام میچز کراچی منتقل

سرحدوں پر کشیدگی کے پیش نظر لاہور میں میچز کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی تھی

پی ایس ایل کے پاکستان میں شیڈول تمام میچز کراچی منتقل PHOTO: PCB

پاکستان سپر لیگ 4 کے لاہور میں شیڈول میچز کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز کراچی منتقل کر دیے گئے ہیں، سرحدوں پر کشیدگی کے پیش نظر لاہور میں میچز کی میزبانی کے فیصلے پر نظرثانی کی جا رہی تھی۔ سیکورٹی حالات کے پیشِ نظر اور ایئرپورٹ بند ہونے کی وجہ سے پروڈکشن سامان لاہور نہ پہنچ سکا جس کی وجہ سے اب لاہور میں ہونے والے تمام پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل 4 کے لاہور میں شیڈول میچوں کی کراچی منتقلی کا فیصلہ لاہور میں کمرشل فلائٹس کے تاخیر سے آغاز کی وجہ سے کیا گیا ہے، کم وقت میں لاجسٹکس کے چیلنج ہوسکتے تھے لہذا یہ میچز کراچی منتقل کئے گئے ہیں۔ نئے پروگرام کے تحت پی سی ایل کا پاکستان کا مرحلہ 9 مارچ سے شروع ہوگا۔

پہلا مقابلہ 9 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان شام 7 بجے شروع ہوگا، 10 مارچ کو کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ 11 مارچ کو دو میچز کھیلے جائیں گے پہلا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کا ہوگا جب کہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی مدمقابل ہوں گے۔

ایک دن کے آرام کے بعد 13 مارچ کو کوالیفائر ون کا مقابلہ کوالیفائر ٹو سے ہوگا، 14 مارچ کو ایلیمینٹر راؤنڈ ہوگا جس میں جیتنے والی ٹیم کا مقابلہ 15 مارچ کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہارنے والے سے ہوگا جب کہ 17 مارچ کو فائنل ہوگا۔