news
English

لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی

پشاور زلمی نے 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 170 رنز اسکور کیے، شعیب ملک 39 رنز بناکر نمایاں

لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی فوٹو: پی سی بی

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے پہلے ایلیمنٹر میں لاہور قلندرز  نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ایلیمنٹر ٹو میں جگہ بنالی۔ فاتح ٹیم  اتوار کو ملتان سلطانز کے مدمقابل آئے گی۔

ہفتے کی رات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز  نے 171رنز کا مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد حفیظ نے 46 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں  لاہور قلندرز کا آغاز اچھا نہ رہا اور اس کے ابتدائی تین بلے باز محض 33 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ فخر زمان6،  تمیم اقبال 18 اور کپتان سہیل اختر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ نے رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا تاہم کوئی دوسرا بیٹسمین ان کی ہمت بندھانے کے لیے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا۔ بین ڈنک اور سمت پٹیل نے ان کے ساتھ بالترتیب 55 اور 42 رنز کی شراکت قائم کی۔ دونوں بلے باز 20، 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

16 اوورز میں 130 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹنے پر ڈیوڈ ویزے نے میدان میں قدم رکھا تو کریز پر موجود تجربہ کار محمد حفیظ کا حوصلہ بڑھا اور انہوں نے رنز بنانے کی رفتار تیز کردی۔ لاہور قلندرز کو میچ جیتنے کے لیے آخری 3 اوورز میں 36 رنز ردکار تھے۔ دونوں کھلاڑیوں نے اننگز کے 18ویں اور 19ویں اوور میں بالترتریب 16 اور 20 رنز بناکر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔

ڈیوڈ ویزے نے 19ویں اوور کی آخری دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر لاہور قلندرز کو کامیابی دلائی۔ وہ 16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور  زلمی کے ثاقب محمود نے 41 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تونوجوان بیٹسمین حیدر علی بغیر کوئی رنز بنائے ایک کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، جس کے بعد پشاور زلمی کے متعدد بلے بازوں نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم وہ کوئی لمبی پارٹنرشپ لگانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔شعیب ملک 39، فاف ڈوپلیسی 31، امام الحق 24، صہیب مقصود 16، محمد عمران 8 اور کارلوس بریتھ ویٹ 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان کا رخ کرنے والے ہارڈس ویلجوئن نے اننگز کے آخری اوور میں حارث رؤف کو 2 چوکے اور 2 چھکے جڑھ کر اپنی ٹیم کا مجموعہ  170 تک پہنچادیا۔ وہ اننگز کی آخری گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے16 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔وہاب ریاض بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ثاقب محمود 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔ لاہور قلندرز کے دلبر حسین نے 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی، ڈیوڈویزے اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

میچ میں شاندار اننگز کھیلنے والے محمد حفیظ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا