news
English

لاہور قلندرز کا جامعہ کراچی کے طلبا کو انٹرن شپ دینے کا اعلان  

جامعہ کراچی کے طلبا کو انٹرن شپ اورکھیل کے میدان میں عملی طور پر اترنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 

لاہور قلندرز کا جامعہ کراچی کے طلبا کو انٹرن شپ دینے کا اعلان  

پی ایس ایل کی اہم ٹیم لاہور قلندرز نے جامعہ کراچی کے طلبا کو انٹرن شپ کرانے کی پیشکش کردی، یہ انٹرن شپ جامعہ کراچی میں نئے شروع کیے جانے والے “بی ایس ان اسپورٹس بزنس منیجمنٹ” کے طلبا کو دی جائے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پیشہ ورانہ بنیادوں پر استوار کرکے مستقبل میں بروئے کار لاسکیں۔ 
اس بات کا اعلان لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے منگل کے روز جامعہ کراچی میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے تحت شروع کیے جانےوالے مذکورہ ڈگری پروگرام کی تعارفی تقریب سے خطاب میں کیا۔ تقریب کا انعقاد آڈیو ویژول سینٹرمیں کیا گیا تھا۔ 
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسپورٹس مینجمنٹ کا فقدان ہے اور ہم نے 75 سالوں میں اسپورٹس کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا، جامعہ کراچی میں بی ایس اِن اسپورٹس بزنس مینجمنٹ ڈگری پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے جس سے اسپورٹس کے شعبے میں بہت زیادہ بہتری دیکھنے کو ملے گی۔  
انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ جامعہ کراچی میں شروع ہونے والے اسپورٹس مینجمنٹ ڈگری پروگرام کا کسی بین الاقوامی یونیورسٹی سے اشتراک کرایاجائے تاکہ اس شعبے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کو انٹرنیشنل ڈگری مل سکے۔ 
جامعہ کراچی کے طلبا کو انٹرن شپ اورکھیل کے میدان میں عملی طور پر اترنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس انسان کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ لیڈرشپ کوالٹیز فراہم کرتاہے۔ پاکستان کے تعلیمی اداروں سے اچھے اسپورٹس مین نہ نکلنے کی ایک وجہ کھیل کے میدانوں سے دوری بھی ہے۔