news
English

لاہور قلندرز نے فتح کے ٹریک پر واپسی کی ٹھان لی

 کراچی: پی ایس ایل 8 کے اہم میچ میں آج لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے راولپنڈی میں مقابلہ ہوگا۔

لاہور قلندرز نے فتح کے ٹریک پر واپسی کی ٹھان لی

پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنے 8 میں سے 6 میچز جیتے ہیں جب کہ دونوں ٹیموں کے یکساں 12،12 پوائنٹس ہیں، البتہ بہتر رن ریٹ نے قلندرز کو ٹاپ پوزیشن کا حقدار بنایا ہوا ہے۔

دونوں کا دوسرا مقابلہ آج راولپنڈی میں ہو رہا ہے، منگل کے روز پشاور زلمی کے ہاتھوں لاہور قلندرز کو35 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، شاہین شاہ آفریدی نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر ٹیم کی مجموعی کارکردگی مایوس کن رہی،بولرز نے 207 رنز بنوا دیے جبکہ بیٹنگ میں حسین طلعت اور کپتان کے سوا کسی نے اچھا کھیل پیش نہیں کیا۔

اس ناکامی نے ٹیم کو خواب غفلت سے جگا دیا اور اب ایک بار پھر بہتر کارکردگی کے لیے کمر کس لی ہے، شاہین کی اچھی فارم خوش آئند ہے، بولرز کو رنز روکنے پر توجہ دینی ہوگی، زلمی کے خلاف 4 کیچ ڈراپ کرنے والی ٹیم کو فیلڈنگ میں بہتری درکار ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے منگل کو ملتان سلطانز کے خلاف شاندار فتح حاصل کی، فہیم اشرف نے 206 کا ہدف عبور کرانے میں اہم کردار ادا کیا،کپتان شاداب خان عمدہ کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان رواں ایڈیشن کا پہلا مقابلہ لاہور قلندرز نے 110 رنز کے بھاری مارجن سے جیتا تھا،اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، اس بار ناکامی کا حساب چکتا کرنے کی کوشش ہوگی۔