news
English

لیگز کے لیے این او سی پالیسی میں بڑی تبدیلی متوقع

پاکستانی کرکٹرز لیگز کے لیے این او سی ملنے میں مسائل کا تذکرہ کرتے رہتے ہیں۔

لیگز کے لیے این او سی پالیسی میں بڑی تبدیلی متوقع

پی سی بی لیگز کے لیے اپنی این او سی دینے کی پالیسی میں بڑی تبدیلی لانے پر تیار ہوگیا جبکہ نیشنل پول سے باہر کھلاڑیوں کو اب طویل پراسس سے نہیں گزرنا پڑے گا، انھیں فوراً دیگر ممالک میں جا کر لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ 
پاکستانی کرکٹرز لیگز کے لیے این او سی ملنے میں مسائل کا تذکرہ کرتے رہتے ہیں، اس حوالے سے بورڈ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے، البتہ اب اس حوالے سے ایک جامع پالیسی تیار کرنے پر اتفاق کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق نیشنل پول سے باہر کھلاڑیوں کو طلبی پر فوراً ہی این او سی جاری کر دیا جائے گا۔ 
حالیہ پالیسی کے تحت ایک پیچیدہ پراسس سے گزرنا پڑتا ہے،البتہ اب ایسے کرکٹرز جو قومی ٹیم کی نمائندگی کیلیے دوڑ میں شامل نہ ہوں ان کو بورڈ فوری طور پر اجازت نامے جاری کر دے گا۔
 
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ایک آفیشل نے کہا کہ ہم کسی کو روزی روٹی کمانے سے نہیں روکنا چاہتے، ایک ایسا کھلاڑی جو انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل رہا اسے جتنی لیگز میں چاہے شرکت کی اجازت مل جائے گی، طریقہ کار بھی سہل بنایا جا رہا ہے اور طلبی پر فوراً این او سی جاری کر دیں گے، چیف سلیکٹر اور کوچ کا کردار محدود ہوجائے گا۔ 
یاد رہے کہ پی سی بی نے کچھ عرصے قبل این او سی کیلیے کھلاڑی کی ٹیم سے 10ہزار ڈالر طلب کرنے کی پالیسی تشکیل دی تھی، البتہ اب اس میں بھی تبدیلی لائی جا رہی ہے، نیشنل پول سے باہر کرکٹرز کیلیے یہ فیس ختم کرنے پر غور ہونے لگا ہے، چھوٹی لیگز میں بھی حصہ لینے پر کوئی فیس نہ لینے کی تجویز زیرغور ہے۔