news
English

ایشیاکپ: کپتان کے بعد بنگہ دیش کا اہم کھلاڑی بھی ٹورنامنٹ سے باہر

بنگلہ دیشی ٹیم میں 30 سالہ انعام الحق بیجوئے کو لٹن داس کی جگہ متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے

ایشیاکپ: کپتان کے بعد بنگہ دیش کا اہم کھلاڑی بھی ٹورنامنٹ سے باہر

سری لنکا کے بعد بنگلہ دیش کو بھی ایشیاکپ سے قبل انجریز نے گھیر لیا، کپتان تمیم اقبال کے بعد اوپنر اور وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشیاکپ سے محض کچھ گھنٹوں قبل بنگلہ دیشی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، اوپنر اور وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس وائرل بخار سے صحتیاب نہ ہونے کے باعث 2023 کے ایشیاکپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ 
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے 30 سالہ وکٹ کیپر بلے باز انعام الحق بیجوئے کو ان کے متبادل کے طور پر نامزد کیا ہے، جو آج سری لنکا میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ بیجوئے نے 44 ون ڈے میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے اور 1254 رنز بنائے ہیں جس میں 3 سنچریاں شامل ہیں تاہم انہوں نے آخری بار گزشتہ سال دسمبر میں بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں ون ڈے میں شرکت کی تھی۔

بنگلہ دیش کو اپنا پہلا میچ ایونٹ کے مشترکہ میزبان سری لنکا کے خلاف 31 اگست کو پالے کیلے میں کھیلنا ہے۔ 
بنگلہ دیشی سلیکشن پینل کے چیئرمین منہاج العابدین کا کہنا ہے کہ لٹن داس کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمیں ایک ٹاپ آرڈر بلے باز کی ضرورت تھی جو وکٹ کیپنگ بھی کر سکے، جس کے باعث انعام الحق بیجوئے کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

بنگلہ دیش کا اسکواڈ: 
شکیب الحسن (کپتان)، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوئے، مشفق الرحیم، عفیف حسین، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، حسن محمود، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، نسیم احمد، شیخ مہدی، شمیم حسین، حسن تمیم، تنظیم حسن ثاقب، انعام الحق بیجوئے۔