یہ حالیہ پیش رفت شین واٹسن، مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی کے قومی ٹیم کی کوچنگ سے انکار کے بعد سامنے آئی ہے۔
قومی ٹیم کی کوچنگ کے معاملے پر سوشل میڈیا پر سابق کرکٹرز سے متعلق روابط کی خبریں تیز ہوگئیں۔
سوشل میڈیا کی ان پوسٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ فل سیمز، آئن مورگن اور لیوک رونچی سے بورڈ رابطے میں ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے موجودہ بیٹنگ کوچ لیوک رونچی اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بات چیت کررہے ہیں، امید ہے کہ جلد اس حوالے سے کوئی پیشرفت سامنے آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق شین واٹسن اور ڈیرن سیمی کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کے بعد سوشل میڈیا پر دیگر سابق کرکٹرز کے بورڈ کے ساتھ روابط کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر گردش کرنے والی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کراچی کنگز کے ہیڈکوچ فل سیمز، سابق انگلش کرکٹر آئن مورگن اور پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے لیوک رونچی سے قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے رابطے کیے جارہے ہیں۔
گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ آنے والے ہفتے 10 دن کے اندر پاکستانی ٹیم کیلئے ہیڈکوچ سے متعلق اچھی خبر سامنے آئے گی۔
قبل ازیں سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے سے معذرت کرلی تھی۔
پی سی بی کوکوچ کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے، سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن کے ساتھ 2 ملین ڈالرز سالانہ پر معاملات طے ہوتے دکھائی دے رہے تھے، مگر محسن نقوی کے مطابق تفصیلات میڈیا پر آنے سے ڈیل فائنل نہیں ہوسکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے سابق انگلش کوچ اینڈی فلاورسے بھی رابطہ کیا مگرانھوں نے انکار کردیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے والے مائیک ہیسن نے بھی دلچسپی نہیں دکھائی۔ سابق آسٹریلوی کرکٹرسائمن کیٹچ بھی معذرت کرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ جسٹن لینگر سے بھی بات چیت ہوئی مگر تاحال کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔