پرتھ: آسٹریلیا میں مداح بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کی عدم موجودگی میں ان کے ہوٹل روم میں گھس گیا اور ویڈیو بنا کرسوشل میڈیا پر ڈال دی۔
مداح کی بنائی گئی ویڈیو میں کوہلی کی ذاتی استعمال کی اشیا کٹس، پرفیومز اور جوتوں سمیت دیگر چیزوں کو دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب گردش کررہی ہے۔
بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مداح کی جانب سے بنائی گئی پرتھ کے ہوٹل میں ان کے کمرے کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ انتہائی پریشان کن امر ہے۔ میں اب اپنی سیکورٹی کی جانب سے عدم تحفظ کا شکار ہوگیا ہوں۔
کوہلی کا مزید کہنا تھا کہ میں سمجھ سکتا ہوں کہ مداح اپنے اسٹارز کو دیکھنے کے لیے پرجوش ہوتے ہیں اور ان کی ایک جھلک دیکھنا چاہتے ہیں لیکن میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اسٹارز کی پرائیوسی کا بھی احترام کریں۔
کوہلی نے کہا کہ لیکن یہ ویڈیو بہت ہوشربا ہے جس نے مجھے میری پرائیویسی کو لے کر تشویش میں ڈال دیا ہے، اگر میرے ہوٹل کے روم میں میری کوئی پرائیویسی نہیں تو پھر میں کس جگہ کو اپنی پرائیویسی کے لیے دیکھوں؟
سابق کپتان نے کہا کہ اس طرح کا فینٹیزم میرے لیے بالکل ٹھیک نہیں جو یقینی طور پر میری پرائیویسی میں دخل اندازی ہے۔
کوہلی کا کہنا تھا کہ برائے کرم لوگوں کی پرائیویسی کا خیال رکھیں اور انہیں انٹرٹینمنٹ کے طور پر استعمال نہ کریں۔
ویڈیو پر بھارتی اداکارہ اور آسٹریلوی کرکٹر کا ردعمل
دوسری جانب ویرات کوہلی کی اس پوسٹ پر بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے بھی رد عمل دیتے ہوئے اسے غلط حرکت قرار دیا۔
آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے اسے انتہائی مضحکہ خیز کہتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا۔