پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر محمدعامر کا کہنا ہے کہ بابراعظم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، میری اور بابراعظم کی خبروں کے باعث ایونٹ کو ہائپ ملی۔
دوحا میں جاری لیجنڈز لیگ کے موقع پر بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد عامر نے پاکستان کے بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈکپ 2023، شاہین آفریدی اور بابراعظم سے متعلق گفتگو کی۔
صحافی کی جانب سے شاہین سے متعلق سوال کیا گیا کہ کیا وہ بطور کپتان پی ایس ایل میں کچھ مختلف کرنے کی کوشش کررہے ہیں؟
جس عامر نے جواب دیا کہ موجودہ دور میں کرکٹ بہت تیز ہوگئی ہے، آپکو فیصلے سیکنڈوں میں لینے پڑتے ہیں جبکہ ٹیکسٹ بُک اب بیکار ہوچکی ہے۔ شاہین کا اوپر آکر بیٹنگ کرنا اور ففٹی بنانا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ بیٹنگ کی پریکٹس کررہے ہیں۔
بابراعظم سے متعلق صحافی کے سوال میں پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا پر پی ایس ایل میں آپ کی بابراعظم کو کروائی گئی جارحانہ گیند بازی کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے؟ جس پر فاسٹ بولر نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں تاہم میدان میں اترنے کے بعد دوستی پیچھے رہ جاتی ہے، میری اور بابراعظم سے متعلق خبروں کے باعث ایونٹ کو ہائپ ملی۔
فاسٹ بالر نے کہا کہ فرنچائز کرکٹ میں ایسے مقابلے ہونے چاہییں تاکہ ایونٹ کو سنسنی خیز بنایا جاسکے، سوشل میڈیا پر لوگ ویڈیوز کو ایڈیٹ کرتے رہتے ہیں۔
بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈکپ 2023 سے متعلق سوال ہوا کہ پاکستان کو کس چیز میں بہتری لانے کی ضرورت ہے؟ جس پر محمد عامر نے جواب دیا کہ پاکستان کو ورلڈکپ میں اسپن ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے کی ضرورت ہے، جس کے پاس زیادہ اچھا اسپنر ہوگا اس ٹیم کے لئے آگے بڑھنا اتنا ہی آسان ہوگا۔