news
English

پاکستانی کھلاڑیوں کے بعد نئے انگلش کرکٹرزامریکی لیگ کےریڈار پر

سینٹرل کنٹریکٹ نہ رکھنے والے پلیئرز سے رابطے کیے جارہے ہیں، میجرلیگ کرکٹ

پاکستانی کھلاڑیوں کے بعد نئے انگلش کرکٹرزامریکی لیگ کےریڈار پر

چھ ٹیموں کا ایم ایل سی ٹورنامنٹ 13 سے 30 جولائی کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، میجر کرکٹ لیگ (ایم سی ایل) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ درخواست کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو لیگ کے افتتاحی ایڈیشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔

پی سی بی نے ایم سی ایل انتظامیہ کی درخواست کا مثبت جواب دیا لیکن کھلاڑیوں کی شرکت کے لیے شرط رکھی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی نے ایم سی ایل انتظامیہ سے کہا کہ وہ لیگ میں ہر کھلاڑی کی شمولیت کے لیے 25,000 ڈالر ادا کرے۔

دوسری جانب میجرلیگ کرکٹ نے جیسن روئے کے بعد ابھرتے انگلش کرکٹرز کو بھی لبھانا شروع کردیا۔

جیسن روئے نے گزشتہ دنوں ای سی بی کا معاہدہ ختم کرکے امریکی لیگ میں کھیلنے کے لیے 2 برس کی رضامندی ظاہر کردی تھی، تاہم انھوں نے بدستور انگلش ٹیم کے لیے دستیابی بھی ظاہر کی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے علاوہ لیگ کے منتظمین نے سمرسٹ کے ٹام کوہلیر کیڈمور سے بھی رابطہ کیا ہے، لائنز میں بھی شامل کئی پلیئرز امریکا کی لیگ میں کھیلنے کے لیے پرتول رہے ہیں، کیڈمور بھی انگلینڈ لائنز کی جانب سے کئی میچز کھیل چکے ہیں، جولائی میں شروع ہونے والی امریکی لیگ میں منتظمین دنیا بھر سے کرکٹرز کو جوڑنے کے لیے پُرکشش مالی ترغیبات دے رہے ہیں۔

28 سالہ کیڈمور نے اگرچہ سمرسٹ کلب سے 3 برس کا معاہدہ کررکھا ہے اور ابھی ان کا کلب کے ہمراہ پہلا ہی سیزن ہے، کاؤنٹی ٹیم انھیں تینوں فارمیٹس میں آزمانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے، 18 روزہ امریکی لیگ کے دوران کاؤنٹی چیمپئن شپ کے چند راؤنڈ اور ٹی 20 فائنلز بھی شیڈول ہوں گے۔

انگلش کرکٹر جیسن روئے نے لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز سے 2 برس کا معاہدہ کیا ہے، جس کی مالیت 3 لاکھ پاؤنڈ بیان کی جارہی ہے، ان سے قبل ڈیوڈ ویلی، الیکس ہیلز اور سام بلنگز نے گزشتہ برس دنیا کی مختلف لیگز میں کھیلنے کو ترجیح دی تھی، زیریں درجے کے پلیئرز مالی منفعت کے پیش نظر غیرملکی لیگز میں شریک ہونے کو اپنے لیے بہترین موقع خیال کرتے ہیں۔