news

ملالہ یوسفزئی کی پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات

اپنے کھیل کو جتنا ہوسکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی، ملالہ یوسفزئی کی ویمن کرکٹرز سے بات چیت

ملالہ یوسفزئی کی پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات

نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے لاہور میں ملاقات کی، خواتین کرکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ پیش کی۔

تفصیلات کے مطابق نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی انگلینڈ روانگی سے قبل خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات ہوئی جس میں ملالہ یوسفزئی کے کے ہمراہ ان کے شوہرعصر ملک بھی موجود تھے جبکہ خواتین کرکٹ ٹیم کی سدرا امین، ڈیانا بیگ اور طوبی حسن بھی موجود تھیں۔ انڈر19کرکٹ ٹیم کی ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار مینیجرعائشہ جلیل کے ہمراہ بات چیت میں شامل ہوئیں۔

 ویمن کرکٹرز نے ملالہ یوسفزئی کو دستخط شدہ شرٹ پیش کی اور انہیں قومی ویمن ٹیم کی جیکٹ بھی دی گئی۔

ملالہ یوسفزئی نے ویمن کرکٹرز کا مزید کامیابیوں کے لیے حوصلہ بڑھایا اور آنے والے ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ پریکٹس کرتی رہیں اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھیں۔ ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ اس بات پر یقین رکھیں کہ اگر آپ نے ماضی میں زبردست کام کیا ہے تو آپ اب بھی کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کھیل کو جتنا ہوسکتا ہے انجوائے کریں، چیلنج کو قبول کرنا سیکھیں، کامیابی ملے گی۔

ملالہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ بچیاں ویمن کرکٹرز کو ٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان میں بھی کھلاڑی بننے کا شوق بڑھتا ہے۔

اس موقع پر عصر ملک نے کہا کہ ہم دونوں کو کرکٹ کا بہت شوق ہے، کوشش کریں گے کہ آپ کو ورلڈکپ کے دوران دیکھنے کے لیے آئیں۔

 ملالہ یوسفزئی نے آئندہ ورلڈکپ کے حوالے سے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔