news
English

شعیب ملک کا اہم کارنامہ، سب سے زیادہ چوکے لگانے کا اعزاز حاصل

 پاکستانی قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ٹی 20 کرکٹ میں بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

شعیب ملک کا اہم کارنامہ، سب سے زیادہ چوکے لگانے کا اعزاز حاصل

پاکستان کے نامور کرکٹر شعیب ملک نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بڑا کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے اہم سنگِ میل عبور کرلیا۔ 
 آل راؤنڈر شعیب ملک کافی عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ نہیں بناپائے ہیں تاہم وہ لیگز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں گرائونڈ مین خاصے سرگرم نظر آتے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے ٹی ٹوئنٹی میں ملک کی طرف سے سب سے زیادہ چوکے لگانے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ 
کراچی میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سیالکوٹ کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک نے اس فارمیٹ میں ایک ہزار چوکے مکمل کرلیے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں ایک ہزار چوکے لگانے والے وہ پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں۔ 
شعیب ملک نے 3 دسمبر کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں سیالکوٹ کی طرف سے راولپنڈی کے خلاف 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے۔ اس دوران انھوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر ایک ہزار چوکے مارنے کا کارنامہ بھی انجام دیا۔ 
شعیب ملک یہ اعزاز پانے والے مجموعی طور پر دنیا کے آٹھویں کھلاڑی ہیں، انھوں نے ایک ہزار چوکے لگانے کے لیے 482 اننگز میں بیٹنگ کی۔ 
آل راؤنڈر نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں چار سو چھکے لگانے کا سنگِ میل بھی عبور کرلیا ہے،یہ سنگ میل عبور کرنے والے بھی وہ پہلے پاکستانی کرکٹر ہیں۔ 
شعیب ملک کرکٹ کے مختصر فارمیٹ میں 12 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں، وہ ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹر کرس گیل کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے کرکٹر ہیں۔